مزید دیکھیں

مقبول

پاک بحریہ کسی بھی بھارتی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کو تیار

پاک بحریہ کی بھارتی ائرکرافٹ کیریئر کی نقل و حرکت پر مسلسل نظر، کسی بھی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیارہے

ذرائع کے مطابق، پاک بحریہ بھارتی ائرکرافٹ کیریئر کی نقل و حرکت کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے اور کسی بھی ممکنہ مہم جوئی کی صورت میں بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔پاک بحریہ کے ترجمان نے نجی ٹی وی سے خصوصی بات کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں بھارتی ائرکرافٹ کیریئر سے کسی بڑی کارروائی کا امکان نہیں ہے۔ ان کے مطابق، بھارتی نیوی کا موجودہ بیڑا پاک بحریہ کے لیے کوئی بڑا خطرہ نہیں بن سکتا اور اگر بھارتی نیوی نے کوئی اشتعال انگیز کارروائی کی تو یہ پاک بحریہ کے لیے ایک آسان ہدف ثابت ہوگا۔ ترجمان نے مزید کہا کہ پاک بحریہ کسی بھی صورت میں دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہے۔

ترجمان نے اس بات کو بھی واضح کیا کہ بھارت نے اپنی فوجی تیاریوں میں تیزی لاتے ہوئے سپر سانک کروز میزائل سے لیس اپنے جنگی جہاز پاکستان کی طرف روانہ کیے ہیں تاکہ ممکنہ طور پر کراچی کی بندرگاہ کو نشانہ بنایا جا سکے۔ برطانوی میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ بھارتی نیوی نے طیارہ بردار جہاز، ڈیسٹرائیرز، فریگیٹس اور اینٹی آبدوز جہاز پاکستانی ساحل سے تقریباً تین سو سے چار سو میل کے فاصلے پر بھیجے ہیں، جن میں بعض جہاز روس کے بنائے گئے براہموس میزائل سے لیس ہیں جو پانچ سو میل تک ہدف کو نشانہ بنا سکتے ہیں۔تاہم، سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی بحریہ کا بیڑہ ابھی اتنی قریب نہیں آیا کہ وہ پاکستان کے شہر یا اس کی شپنگ لائنز کو خطرہ بن سکے۔ برطانوی اخبار "ٹیلی گراف” نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بھارتی نیوی کا جہاز ابھی اس حد تک پیش قدمی نہیں کر سکا کہ وہ پاکستان کو نشانہ بنا سکے۔ پاکستان کے تمام شہر اور شپنگ لائنز محفوظ ہیں، اور ماضی میں بھی بھارتی بحریہ کے جہازوں کو پیش قدمی کے دوران واپس جانا پڑا تھا۔

پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ جس طرح پاک فضائیہ نے دشمن کو اپنے حملوں سے جواب دیا اور بھارتی میڈیا کو اپنے طیاروں کے ملبے کو چھپانے پر مجبور کیا، اسی طرح پاک بحریہ بھی اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ دشمن کی کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہے۔پاکستان نیوی کی قیادت نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ دشمن کے کسی بھی مس ایڈونچر کا مقابلہ کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے اور اپنی سرحدوں کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔پاکستان کی سرحدوں کی حفاظت اور دشمن کے کسی بھی اقدام کے مقابلے میں پاک بحریہ کا عزم اور تیاریاں ہمیشہ کی طرح مضبوط ہیں۔

ممتاز حیدر
ممتاز حیدرhttp://www.baaghitv.com
ممتاز حیدر اعوان ،2007 سے مختلف میڈیا اداروں سے وابستہ رہے ہیں، پرنٹ میڈیا میں رپورٹنگ سے لے کر نیوز ڈیسک، ایڈیٹوریل،میگزین سیکشن میں کام کر چکے ہیں، آجکل باغی ٹی وی کے ساتھ بطور ایڈیٹر کام کر رہے ہیں Follow @MumtaazAwan