پاکستان نیوی کی جانب سے ماہ رمضان میں مستحق خاندانوں میں راشن تقسیم کر دیا گیا ، پاک بحریہ کرونا وباء کے پھیلاو کے بعد باقاعدگی سے مستحق عوام کی امداد کر رہی ہے۔ حالیہ مہم کے دوران پاکستان نیوی ویمن ایسوسی ایشن نے مخیر حضرات کے تعاون سے مستحق اور کرونا وباء سے متاثرہ خاندانوں میں سینکڑوں راشن بیگز تقسیم کئے

جس کا مقصد رمضان کی خوشیاں بانٹنا تھا۔ کرونا وباء کے دوران پاک بحریہ کے جوانوں نے پاکستان نیوی ویمن ایسوسی ایشن کے ساتھ مل کر سجاول, چوہڑ جمالی، سیپور، گھاگر، بن قاسم اور گھارو کے دور دراز علاقوں میں راشن تقسیم کیا۔ پاک بحریہ کرونا وباء کے دوران باقاعدگی سے اور بھر پور عظم کے ساتھ عوام کی مدد کر رہی ہے۔

پاک بحریہ کا جہاز نصر افریقی ممالک میں تین ماہ جاری رہنے والے انسانی ہمدردی اور ڈیزاسٹر ریلیف مشن کی کامیاب تکمیل کے بعد کراچی پورٹ پہنچ گیا۔ افریقی براعظم میں تعیناتی کے دوران پاک بحریہ کے جہاز نصرنے جبوتی ، سوڈان ، بینن اور نائیجر میں ایک ہزار ٹن چاول پاکستان کی عوام کی جانب سے تحفہ کے طور پر پہنچائے۔ جہاز نے کینیا کی بندرگاہ ممباسا کا خیر سگالی دورہ بھی کیا۔ انسانی ہمدردی اور ڈیزاسٹر ریلیف مشن کی منصوبہ بندی 2020 میں نائیجر کے شدید سیلاب اور خشک سالی کی لپیٹ میں آنے کے بعد کی گئی ، جس سے بڑے پیمانے پر تباہی واقع ہوئی تھی۔

کراچی پورٹ پہنچنے پر پاک بحریہ کے جہاز نصر کا کمانڈر پاکستان فلیٹ اور پاک بحریہ کے دیگر اعلی عہدے داروں کے ساتھ ساتھ وزارت خارجہ کے نمائندوں نے بھی استقبال کیا۔ اس موقع پر پاک بحریہ کا بینڈ بھی موجود تھا جس نے پاکستان کے قومی ترانے اور دیگر دھنوں سے محظوظ کیا۔

Shares: