کراچی :پاک بحریہ نے بھارتی آبدوز کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش ناکام بنادی ،اطلاعات کے مطابق پاک بحریہ نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے بھارتی آبدوز کی جانب سے پاکستانی سمندری حدود کی خلاف ورزی کی کوشش ناکام بنادی۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاک بحریہ نے اپنے سمندری زون میں موجود بھارتی آبدوز کا سراغ لگا کر اْسے پاکستان کے پانیوں میں داخل ہونے سے روک دیا۔پاک بحریہ نے اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارتوں کے ساتھ ہر دم چوکنا رہتے ہوئے بھارتی آبدوز کی اپنی موجودگی کو خفیہ رکھنے کی ہر کوشش کو ناکام بنا دیا۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امن قائم رکھنے کی حکومتی پالیسی کو مد نظر رکھتے ہوئے بھارتی آبدوز کو نشانہ نہیں بنایا گیا جو پاکستان کی امن پسندی کا ثبوت ہے، اس واقعہ سے سبق حاصل کرتے ہوئے بھارت کو بھی امن کی طرف راغب ہونا چاہیے،
پاک بحریہ کا جدید ٹیکنالوجی سے لیس بھارتی آبدوز کا سراغ لگا لینا بھارتی بحریہ کی ناکامی ہے، یہ اپنی نوعیت کا تیسرا واقعہ ہے جس میں پی این لانگ رینج میری ٹائم پٹرول ایئر کرافٹ کے ذریعے بھارتی بحری آبدوز کا وقت سے پہلے پتہ لگایا گیا ہے اور اس کا سراغ لگایا گیا ہے۔حالیہ واقعہ مادر وطن کی سمندری سرحدوں کے دفاع کے لیے پاک بحریہ کے عزم اور عزم کی عکاسی کرتا ہے
وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدارنے بھارتی بحریہ کے مذموم عزائم ناکام بنانے پر پاک بحریہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو خراج تحسین پیش کیا،وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ دشمن کے عزائم ناکام بنانے پر پاک بحریہ کے بہادر سپوتوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ پاک بحریہ کے جانبازوں نے پاکستان کی سمندری حدود کا دفاع کرتے ہوئے دشمن کے ناپاک ارادوں کوخاک میں ملایا۔ سمندری اندازی کی کوشش کر کے بھارت نے اپنا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے پھر بے نقاب کیا-پاکستان کی سمندری حدود کی حفاظت کرنے والے پاک بحریہ کے افسر اور جوان ہمارا فخر ہیں۔ قوم کو پاکستان نیوی کی صلاحیتوں اور کارناموں پر فخر ہے۔بزدل دشمن سن لے کہ پوری پاکستانی قوم متحد ہے – پاکستان کی بہادر مسلح افواج کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی پوری صلاحیت رکھتی ہیں -پاکستان کے 22کروڑ عوام مسلح افواج کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں -مضبوط دفاع کے باعث وطن عزیز کی طرف کوئی میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔