پاکستان نے پھر سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کردیا
پاکستان نے پھر سے مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کردیا
باغی ٹی وی :پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کیلئے اپنی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے جو گزشتہ کئی دہائیوں سے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
سرکاری میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے معاملے پر پوری قوم متحدہ ہے اور پاکستان مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کو ہر عالمی فورم پر بے نقاب کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری گزشتہ نو مہینوں سے اپنے گھروں میں محصور ہیں اور انہیں اپنے بنیادی حقوق سے محروم کیا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کرونا ولائرس کی آڑ میں بھارتی فورسز نے بڑی پیمانے پر بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جن کی میتیں بھی انکے ورثاء کے حوالے نہیں کی جا رہیں۔
شاہ محمود قریشی نے مودی حکومت پر شدید نقطہ چینی کی جو ہندو بالادستی اور مسلمانوں کو کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا ذمہ دار قرار دینے کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر میں آر ایس ایس کا ایجنڈا مسلط کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت پر دبائو ڈالے کے وہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کی سخت پابندی ختم کر ے اور کشمیریوں کیلئے خوراک اور ادویات کی فراہمی کی اجازت دے.
اس سے قبل :پاکستان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں پیر مہراج الدین کے قتل کی شدید مذمت کی گئی ،وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ بھارت کے تمام ہتھکنڈے ناکام ہوچکے ،اطلاعات کے مطابق پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے علاقے بڈگام میں بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں پیر مہراج الدین کے قتل کو دہشت گردی کا تازہ واقعہ قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کے مطابق دنیا کورونا وائرس کی وبا کے خلاف نبردآزما ہے اور بھارت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں پر بدترین تشدد کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ آج بڈگام میں بھارتی قابض فوج کے ہاتھوں پیر مہراج الدین کا قتل دہشت گردی کا تازہ واقعہ ہے۔