پاکستان اور ويسٹ انڈيز کي ٹيسٹ تاريخ تحریر: انيلا سلطان

0
52

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز آج سے کنگسٹن میں شروع ہوگی۔ ميچ کے پانچوں روز بارش کي پيشگوئي کا امکان ہے۔ پاکستان نے ٹيسٹ سيريز کيلئے 19 رکني اسکواڈ کا اعلان کرديا ہے۔ اسکواڈ کا اعلان قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ورچوئل پریس کانفرنس میں کیا۔ کپتان بابراعظم نے ہیڈ کوچ مصباح الحق کی مشاورت سے حارث رؤف اور محمد نواز کو وطن واپس بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین سیریز کے دونوں ٹیسٹ میچز سبینا پارک کنگسٹن میں کھیلے جائیں گے۔ سیریز کا پہلا ٹیسٹ آج سے شروع ہوگا اور دوسرا ميچ 20 اگست سے شروع ہوگا۔ یہ دونوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہیں، لہٰذا دونوں ٹیمیں سیریز میں عمدہ کارکردگی پیش کرکے ٹیسٹ چیمپئن شپ کے نئے سائیکل کے کامیاب آغاز کے لیے پرامید ہیں۔

پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین کھیلی جانے والی یہ 18ویں ٹیسٹ سیریز ہوگی۔ دونوں ٹیموں کے مابین کھیلی گئی گزشتہ 17 ٹیسٹ سیریز میں سے 6 پاکستان اور 5 ویسٹ انڈیز نے جیتیں جبکہ 6 برابری کی بنیاد پر ختم ہوگئیں۔ مگر ويسٹ انڈيز کي سرزمين پر پاکستان صرف ايک سيريز جيتنے ميں کامياب ہوا اور اسے آٹھ ميں سے چار سيريز ميں شکست ہوئي جبکہ 3 سیریز ڈرا ہوگئیں۔ دونوں ٹیمیں آخری مرتبہ 2017میں کیریبیئن سرزمین پر ٹیسٹ کرکٹ ميں مدمقابل آئی تھیں۔ تین میچز پر مشتمل اس سیریز میں پاکستان نے 1-2 سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سات وکٹوں، دوسرے میں ویسٹ انڈیز نے 106 رنز جبکہ آخری میچ میں پاکستان نے 101 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ چار سال قبل کھیلی گئی اس سیریز میں یاسر شاہ کو عمدہ کارکردگی کی بنیاد پر پلیئر آف دی سیریز کا ایوارڈ دیا گیا تھا۔ اس سیریز میں پاکستان کی جانب سے سب سے زیادہ 271 رنز بنانے والے مصباح الحق فی الحال جمیکا میں موجود قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ ہیں جبکہ سیریز میں 261 رنز بنانے والے پاکستان کے دوسرے بہترین بیٹسمین اظہر علی بھی موجودہ قومی ٹیسٹ اسکواڈ کا حصہ ہیں۔

دونوں ٹیموں کے مابین اب تک 52 ٹیسٹ میچز کھیلے جاچکے ہیں،جس میں سے 20 پاکستان اور 17 ویسٹ انڈیز نے جیتے ہیں۔ اس دوران 15 ٹیسٹ میچز ڈرا رہے ہیں۔ آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ رینکنگ ميں پاکستان کا 5 واں اور ویسٹ انڈیز کا 7واں نمبر ہے۔ اگر پاکستان کی ٹیم اس سیریز میں وائٹ واش کرتی ہے تو اس کی درجہ بندی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا تاہم ویسٹ انڈیز کی ایک درجہ تنزلی ضرور ہوجائے گی جبکہ ویسٹ انڈیز کے سیریز وائٹ واش کرنے کی صورت میں میزبان ٹیم کی درجہ بندی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا تاہم پاکستان ایک درجہ تنزلی کرجائے گا۔ سیریز 1-1سے برابر ہونے کی صورت میں کسی بھی ٹیم کی درجہ بندی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ پاکستان کے کپتان بابراعظم اوراظہر علی آئی سی سی ٹیسٹ پلیئرز بیٹنگ رینکنگ میں بالترتیب 10ویں اور 17ویں نمبر پر موجود ہیں۔ میزبان ٹیم کا کوئی بھی کھلاڑی اس فہرست کا حصہ بننے والے پہلے 40 بلے بازوں میں شامل نہیں ہے۔ بولنگ میں ویسٹ انڈیز کے جیسن ہولڈر اور کیمار روچ بالترتیب 11ویں اور 13ویں جبکہ پاکستان کے حسن علی اور محمد عباس مشترکہ طور پر 15ویں پوزیشن پر موجود ہیں۔

Leave a reply