پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز کا پہلا ایک روزہ میچ آج ملتان میں کھیلا جائے گا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے شروع ہوگا۔
باغی ٹی وی : ضلعی انتظامیہ کے مطابق دوپہر ایک بجے سے شائقین کا گراونڈ میں داخلہ شروع ہوجائے گا، پاک ویسٹ انڈیز سیریز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈکپ سپر لیگ کا حصہ ہے دونوں ٹیموں نےگزشتہ روز آخری تیاریوں کے طور پر پریکٹس کی جبکہ ایونٹ کی ٹرافی کی رونمائی بھی ہوئی۔
Trophy unveiled 🏆✨
Osaka Batteries Presents Spotify Pakistan vs West Indies ODI Series 2022 kicks off tomorrow 💪 #KhelAbhiBaqiHai | #PAKvWI pic.twitter.com/YBCTdRvJVk
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) June 7, 2022
اس موقع پر پاکستانی کپتان بابر اعظم کا کہنا تھا کہ موسم سے زیادہ فرق نہیں پڑے گا، اچھی کرکٹ کھیلیں گے دوسری جانب مہمان ٹیم کے کپتان نکولس پورن نے بھی عمدہ کرکٹ کھیلنے کے عزم کا اظہار کیا۔
بابر اعظم کا کہنا ہے کہ کیا پلان ہے، کھلاڑیوں کو کس طرح ساتھ لے کر چلنا ہے،میں اس کے بارے میں سوچتا ہوں کیونکہ میری انفرادی کارکردگی سے زیادہ ٹیم کی جیت اہمیت رکھتی ہے،میں اپنا سو فیصد پرفارم کرنے کی کوشش کرتا ہوں، نتائج ہمارے ہاتھ میں نہیں۔
ایک سوال پر انھوں نے کہا کہ کیریئر میں اتار چڑھاؤ آتے ہیں، اس صورتحال سے نکلنا پڑتا ہے، حسن علی نے کاؤنٹی کرکٹ میں اچھی بولنگ سے اعتماد بحال کیا،لاہور میں ٹریننگ اور پریکٹس میچز میں بھی اچھی فارم میں نظر آئے، امید ہے کہ اچھی کارکردگی دکھانے میں کامیاب ہوں گے۔
پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان اس سیریز میں شائقین کرکٹ گراؤنڈ میں ڈیجیٹل باؤنڈری کی رنگینیاں نہیں دیکھ پائیں گے میچ میں گیند کی موومنٹ کے ساتھ بھاگتے ہوئے جدید ڈیجیٹل بگی کیمرے سے بھی کوریج نہیں ہوگی سیریز میں الٹرا سلوموشن بھی دیکھنے کو نہیں ملے گا جبکہ میچوں میں اسپائیڈر کیمرہ سے کوریج بھی نہیں ہوگی۔
واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا ون ڈے 10 جون اور آخری میچ 12 جون کو کھیلا جائے گا۔
پی سی بی ترجمان کے مطابق پہلے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں علیم ڈار اور احسن رضا (آن فیلڈ) امپائرز ہوں گے جب کہ راشد ریاض تھرڈ امپائر، فیصل آفریدی فورتھ امپائر اور محمد جاوید میچ ریفری کے فرائض انجام دیں گے۔
10 جون کو دوسرے ون ڈے انٹرنیشنل میچ میں علیم ڈار اور آصف یعقوب آن فیلڈ امپائرز جب کہ احسن رضا تھرڈ امپائر،فیصل آفریدی فورتھ امپائر اور محمد جاوید میچ ریفری ہوں گے۔
یاد رہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کے خلاف آخری مرتبہ ون ڈے سیریز 31 برس قبل جیتی تھی، ریڈ کیپس نے آخری مرتبہ 1991 میں عمران خان کی قیادت میں کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کو شکست دی تھی اس سے ایک سال قبل ہی 1990 میں پاکستان نےایک روزہ کرکٹ میچ میں ویسٹ انڈین ٹیم کو تین صفر سے شکست دی تھی۔
پاکستان نے 1991 کے بعد ویسٹ انڈیز کو ایک بار بھی ون ڈے سیریز جیتنے کا موقع فراہم نہیں کیا، 1990 میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سیریز دو دو میچز سے برابر ہو گئی اس کے علاوہ پاکستان نے 2002 میں یو اے ای میں کھیلی جانے والی ون ڈے سیریز میں کالی آندھی کو شکست دی، اس کے علاوہ 2006، 2008، 2011، 2013، 2016 اور 2017 میں بھی ویسٹ انڈیز کو گرین شرٹس کے ہاتھوں شکست کا مزہ چکھنا پڑا۔
اگر پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ایک روزہ میچوں کی مجموعی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے تو ویسٹ انڈیز کو پاکستان پر سبقت حاصل ہے، دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک کھیلے گئے 134 میچز میں سے 71 میں ریڈ کیپس جبکہ 60 میں گرین شرٹس کو کامیابی ملی ہے۔