پاکستان پر حملہ ہوا تو خطے کا نقشہ بدل جائے گا، شیخ رشید

0
86

وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے بھارت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پاکستان پر حملہ ہوا تو خطے کا نقشہ بدل جائےگا۔مظفر آباد میں خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ لڑائی پاک بھارت نہیں بلکہ برصغیر کی لڑائی ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ بھارت مذہب کی لڑائی لڑرہا ہے اور مسلمان کی زندگی اور موت اسلام کےلیے ہے۔انہوں نے کہا کہ 50 سال میں عمران خان پہلے وزیراعظم ہیں جو سلامتی کونسل میں گئے، اس حوالے سے سیاسی قیادت ایک صفحے پر ہے۔شیخ رشید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آکر ایجنڈا مکمل نہیں ہوا، بھارت آزاد کشمیر پر بھی حملہ کرسکتا ہے۔

آزاد کشمیر میں ریلی سے خطاب کے دوران شیخ شید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں 21 دن سےکرفیو نافذ ہے، وہاں نہ تو اشیائے خوردونوش ہے اور نہ ہی ادویات، بھارت نے وادی کشمیر پر قبضہ کرلیا ہے، آج نہ لائن آف کنٹرول ہے اور نہ ہی شملہ معاہدہ، کشمیر پرسلامتی کونسل کی قراردادتو ختم ہوچکی، مودی کے اقدامات سے مقبوضہ کشمیرکا معاملہ دوبارہ اجاگرہوا، ساری دنیا کا میڈیا ہٹلرمودی کےخلاف ہوتا جارہا ہے، سری نگر کی آواز پاکستان کی آوازہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کو پاکستان اور چین کی دوستی کھٹکتی ہے کیوں کہ جب تک یہ قائم ہے بھارت کبھی سلامتی کونسل کا مستقل رکن نہیں بن سکتا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کے 25 اور پاکستان کے 22 کروڑ مسلمان مل کر عظیم پاکستان بنائیں گے۔

Leave a reply