پاکستان ریلوے کا عیدالاضحیٰ پر4 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ
لاہور: پاکستان ریلوے کا عیدالاضحیٰ پر4 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ،اطلاعات کے مطابق پاکستان ریلوے نے عیدالاضحیٰ کے پُر مسرت موقع پر عوام کی سہولت کے پیش نظر 4 عید اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ریلوے انتظامیہ نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر 28 جولائی سے 4 اسپیشل ٹرینیں چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔پہلی عید اسپیشل ٹرین 28 جولائی کو دن 11 بجکر 45 منٹ پر کراچی کینٹ سے روانہ ہو کر حیدر آباد، رحیم یار خان، شورکوٹ کینٹ ، فیصل آباد ، سرگودھا، ملک وال سے ہوتی ہوئی اگلے روز شام 4 بجکر 30 منٹ پر راولپنڈی پہنچے گی۔
دوسری اسپیشل ٹرین 29 جولائی کو کراچی سٹی سے دن 11 بجکر 45 منٹ پر روانہ ہو کر ٹنڈو آدم ، خان پور، ملتان کینٹ ،لاہور، گوجرانوالہ سے ہوتی ہوئی اگلے روز سہ پہر 3 بجے راولپنڈی پہنچے گی۔
اسی طرح تیسری اسپیشل ٹرین 30 جولائی کو کراچی کینٹ سے شام 7 بجکر 30 منٹ پر روانہ ہو کر نواب شاہ، خانیوال،شورکوٹ، فیصل آباد سے ہوتی ہوئی اگلے روز شام 5 بجکر 30 منٹ پر لاہور پر پہنچے گی۔
ریلوے انتظامیہ کے مطابق چوتھی اسپیشل ٹرین 30 جولائی کو راولپنڈی سے شام 4 بجے روانہ ہو کر بوسال، میانوالی، کُندیاں، لیہ اور مظفر گڑھ سے ہوتی ہوئی اگلے روز صبح 5 بجکر 15منٹ پر ملتان پہنچے گی۔