اسلام آباد:پاکستان نے افغانستان سےاپنے سفیر کو واپس بلالیا،اطلاعات کے مطابق افغان سفیر کی بیٹی سے متعلق پیش آئے واقعے پر افغان حکومت کی جانب سے اپنے سفیر کو واپس طلب کرنے کے بعد حکومتِ پاکستان نے افغانستان میں تعینات پاکستانی سفیر کو ‘مشاورت’ کے لیے واپس بلالیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق کابل میں تعینات پاکستان کے سفیر منصور احمد خان مشاورت کے لیے اتوار کی شام اسلام آباد پہنچے تھے۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ پاکستانی سفیر کو افغان سفیر کی بیٹی کے واقعے پر مشاورت کے لیے بلایا گیا اور اس سلسلے میں وہ آج دفتر خارجہ میں سیکریٹری خارجہ سے ملاقات کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق افغان سفیر اور سینئر سفارتی عملے کو کابل واپس بلانے کے معاملہ پر غور کیا جائے گا۔
دفتر خارجہ نے بیان میں بتایا کہ ملاقات میں افغانستان حکومت کی طرف سے سفیر اور سینئر سفارتی عملہ واپس کابل بلانے سے پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا اور مجوزہ افغان امن کانفرنس پر پیش رفت پر مشاورت بھی ہوگی۔
پاکستان میں افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے واقعے کے بعد وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان ہم منصب محمد حنیف آتمر کو ٹیلی فون کر کے 16 جولائی کو پیش آئے واقعے کے سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اب تک اٹھائے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔








