پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کے وکیل کا بیان مسترد کر دیا

0
32

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کے وکیل کا بیان مسترد کر دیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کے مطابق کلبھوشن جادھو کے وکیل ہریش سالوے نے آن لائن لیکچر میں حقائق کے برعکس بات کی ہے، لہذا ان کے بیان کو مسترد کیا جاتا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے مطابق کلبھوشن جادھو کو قونصلر رسائی دی اور پاکستان عالمی عدالت انصاف کے فیصلوں پر عمل پیرا رہے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 17 جولائی کو عالمی عدالت انصاف نے پاکستان سے گرفتار ہونے والے بھارتی جاسوس کلبھوشن جادھو کی بریت کی بھارتی درخواست مسترد کر دی تھی۔

عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن کی رہائی اور بھارت واپسی کی بھارتی درخواست بھی مسترد کی تھی جب کہ کلبھوشن کی پاکستان کی فوجی عدالت سے سزا ختم کرنے کی بھارتی درخواست بھی رد کردی گئی تھی۔عالمی عدالت انصاف نے پاکستان سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ کلبھوشن کو قونصلر رسائی دے اور اسے دی جانے والی سزا پر نظر ثانی کرے۔

اس فیصلے کے بعد پاکستان نے بھارت کو کلبھوشن جادھو تک قونصلر رسائی کی مخلصانہ پیش کش کی تھی لیکن ہٹ دھرم بھارت نے اس پیش کش کو مسترد کر دیا تھا۔

Leave a reply