دبئی:پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے ایمانداری کی مثال قائم کردی
دبئی:دیار غیر میںبھی پاکستان کی عظمت کو چار چاند لگانے والوں کی اب بھی کوئی کمی نہیں،ایسے ہی ایک واقعہ میںمتحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے مسافر کو اس کے گمشدہ ہزاروں ڈالرز واپس کرکے ایمانداری کی مثال قائم کردی۔
عرب میڈیا کے مطابق ڈنمارک کی ایک فیملی نے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور شفاعت خان عبدالرشید کی گاڑی میں سفر کیا اور اس دوران فیملی 21 ہزار ڈالر، موبائل فون اور پاسپورٹ گاڑی میں بھول کر روانہ ہوگئی۔
دبئی میںاس پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے ایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دبئی کے الرشیدیہ پولیس اسٹیشن میں نقدی اور سامان جمع کرادیا۔دبئی پولیس نے مذکورہ فیملی سے رابطہ کرکے اسے تھانے بلایا اور گشمدہ سامان واپس کردیا۔
عرب میڈیا کے مطابق ڈائریکٹر الرشیدیہ پولیس اسٹیشن بریگیڈیئر سعید حماد بن سلیمان المالک نے اپنے دفتر میں تقریب منعقد کرکے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور کو اس کی دیانت داری پر اعزازی سرٹیفکیٹ اور ایک تحفہ پیش کیا۔
دوسری جانب ڈنمارک کی فیملی نے بھی پاکستانی ٹٰیکسی ڈرائیور کی ایمانداری کو سراہتے ہوئے اس کا شکریہ ادا کیا۔یاد رہے کہ رواں ماہ پاکستانی شہری طاہر علی صفائی کے کام پر مامور تھا کہ اس دوران اسے 15 کلو سونا ملا تھا جو اس نے حکام کے حوالے کردیا تھا۔
دبئی میں روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی نے طاہر علی کی ایمانداری کے اعتراف میں اسے اعزازی سرٹیفکیٹ پیش کیا تھا۔طاہر علی کا کہنا تھا کہ ایمانداری سے بڑھ کر کوئی دولت نہیں ہے، دبئی آنے کا مقصد فیملی کو مالی سپورٹ کرنا ہے، خواہش ہے کہ اپنے خاندان کے لیے مناسب گھر تعمیر کراسکوں۔