اسلام آباد : وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت اگر روس سے تیل لے سکتا ہے تو ہم بھی لے سکتے ہیں، روس سے تیل کے حصول کیلئے حکومت غور کر رہی ہے۔
اسی بات کی تصدیق عاصمہ شیرازی نے کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کا کہنا ہے کہ پاکستان نے آج سے روس سے تیل خریدنے کے کام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس میں رکاوٹ دور ہو گئی ہے، امریکا کو بتا دیا ہے سستا تیل خریدنا ہمارا حق ہے، کوشش ہے کم از کم اس ریٹ پر تیل خرید لیں جس پر بھارت خرید رہا ہے
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پاکستان نے اپنا کام مکمل کر دیا ہے تاہم ہم ایف اے ٹی ایف کے اعلان سے پہلے اعلان نہیں کرسکتے۔
پاکستان نے آج سے روس سے تیل خریدنے کے کام کا آغاز کر دیا ہے۔ اس میں رکاوٹ دور ہو گئی ہے، امریکا کو بتا دیا ہے سستا تیل خریدنا ہمارا حق ہے، کوشش ہے کم از کم اس ریٹ پر تیل خرید لیں جس پر بھارت خرید رہا ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار#FaislaAapKa @MIshaqDar50 pic.twitter.com/TBp1YkC30F
— Asma Shirazi (@asmashirazi) October 20, 2022
انہوں نے کہا کہ معیشت سے متعلق فیصلوں میں آزاد ہوں اگر آزاد نہ ہوتا تو یہ چیلنج کبھی قبول نہ کرتا، ملکی زرمبادلہ کے ذخائر آئندہ کچھ دنوں میں بہتر ہوجائیں گے، پاکستان کو ڈیفالٹ ہونے سے بچانے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان غیر ذمہ دارانہ بیانات دے رہے ہیں، مہنگائی کو نیچے لانے کیلئے حکومت اپنی کوشش میں لگی ہے، آنے والے دنوں میں مہنگائی کا بوجھ کم ہوگا۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف سے جو معاہدہ کیا گیا ہے اس پر عمل کریں گے، ابھی تک پاکستان سودی نظام پر چل رہا ہے اور کوشش ہے کہ سودی نظام کو ختم کیا جائے، اسلامی نظام میں اثاثوں کو گروی رکھنا پڑتا ہے۔
وزیرخزانہ کا کہنا تھا کہ ڈالر کی قدر200روپے سے کم بنتی ہے، عوام کوریلیف دینے کیلئے متعدد اقدامات اٹھارہے ہیں، ڈالرکی قدر میں200روپے سے اوپر اضافہ مصنوعی ہے، امید ہے آنے والے دنوں میں اچھی خبریں آئیں گی۔