پاکستان تحریک انصاف کراچی نے شہر کے تمام کنٹونمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات کے لئی42امیدواروں کو ٹکٹ جاری کردیئے۔ امیدواران کے ہمراہ پی ٹی آئی کراچی کے صدر و رکن سند ھ اسمبلی خرم شیر زمان نے انصاف ہاوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کنٹونمنٹ انتخابات کے حوالے سے جیت کے لئے پر امید ہے ۔
ہر کنٹونمنٹ سے بہترین امیدواروں کا انتخاب کیا ہے۔ پی ٹی آئی نے کراچی کی خدمت کی ہے۔ ہمارے اراکین قومی اسمبلی نے وزیر اعظم عمران خان کے فنڈز سے 9ارب 90 کروڑ روپے گلی محلوں میں عوامی مسائل حل کرنے کے لئے خرچ کیے ۔سندھ حکومت کراچی کی عوام کو ڈیلیور کرنے میں ناکام ہوگئی ہے ۔ سیوریج ،سڑکوں کی تعمیر، پارکس ہمارے ایم این ایز نے تعمیر کروائے، کراچی شہر میں اسپورٹس گراؤنڈ بنائے گئے۔
کراچی کے بڑے مسائل وزیراعظم حل کررہے ہیں ۔ اس موقع پرخرم شیر زمان کے ہمراہ پارلیمانی لیڈر بلال غفار، رکن سندھ اسمبلی شاہنواز جدون، پی ٹی آئی رہنما کیپٹن رضوان، فضہ ذیشان، گوہر خٹک سمیت دیگر رہنما موجود ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں پینے کے پانی کا مسئلہ دیکھتے ہوئے کراچی میں کے فور منصوبہ وزیر اعظم مکمل کروا رہے ہیں۔ وفاقی حکومت نے 52 فائر بریگیڈ کراچی کو دیے۔
سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار تھیں جس کو مد نظر رکھتے ہوئے وفاق کے فنڈ سے منگھوپیر، نشتر روڈ تعمیر کیا گیا۔ وفاقی حکومت نے نارتھ ناظم آباد میں6فلائی اوورز تعمیر کروائے۔ یہ تمام کام سندھ حکومت کی ذمہ داری تھی۔ لیکن جب سندھ حکومت اپنی ذمہ داری پوری نہیں کررہی تو ہم عوام کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑ سکتے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سندھ حکومت کی نا اہلی کی وجہ سے کراچی میں اللہ کی رحمت زحمت بن جاتی تھی ۔
35 ارب روپے وفاق نے نالوں کی صفائی پر خرچ کیے، سندھ حکومت کی نالائقی کی وجہ سے نالوں میں گندگی کچرہ جمع کیا جاتا تھا۔ وفاقی حکومت نے اپنی ذمہ داری کو سمجھتے ہوئے انتخابات کا اعلان کیا ۔ اس کے برعکس سندھ حکومت کی جانب سے بلدیاتی انتخابات نہیں کروائے جارہے ۔ پیپلز پارٹی کچرا،ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر بنانے میں ناکام رہی ،13 سالوں میں سندھ کے حالات بدتر ہوگئے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی کے سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر بلال غفارکا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی نوجوان طبقے کو آگے لیکر آئی ہے،کنٹونمنٹ بورڈ انتخابات کیلئے عام آدمی کا انتخاب کیا ہے ۔ وزیر اعظم کا وژن ہے نوجوان طبقے کو آگے لیا جائے۔ کراچی شہر نے عام انتخابات میں جس طرح پی ٹی آئی کو مینڈیٹ دیا تھا اسی طرح کنٹونمنٹ کے انتخابات میں بھی پی ٹی آئی کو کامیاب بنائیں گے۔ہمیں پوری امید ہے کہ یہ نوجوان کامیابی کے بعد تبدیلی لیکر آئیں گے۔