آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام ”پاکستان تھیٹر فیسٹیول 2023“ کا افتتاح کر دیا گیا ہے. افتتاحی تقریب کے ریڈ کارپٹ پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان، معروف دانشور انور مقصود، نگراں وزیر ثقافت سید جنید علی شاہ، تھیٹر ڈائریکٹرز عثمان پیرزادہ، نبیل قریشی، حبا بخاری، ٹیپو اور شوبز انڈسٹری کی نامور شخصیات سمیت تھیٹر کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔پاکستان تھیٹر فیسٹیول کا افتتاح معروف ہدایتکار و اداکار سلمان شاہد کے تھیٹر ڈرامے Patriot & Abdullah سے کیا گیا، لاہور کے تھیٹر گروپ کی جاندار اداکاری کو شائقین نے بے حد پسند کیا۔انور مقصود کو صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کی جانب سے شیلڈ پیش کی گئی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے تھیٹر فیسٹیول میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ”احمد شاہ نے پاکستان ہی نہیں بلکہ پاکستان سے باہر اس ثقافت و تہذیب کو اجاگر کیا ہے”، یہ مختلف پروگرامز کرتے رہتے ہیں، ملکوں کی ثقافت کو جوڑنے میں احمد شاہ بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے تھیٹر فیسٹیول سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہاں پر بڑی تعداد میں مختلف ممالک سے لوگ موجود ہیں، جس طرح احمد شاہ پاکستان لٹریچر فیسٹیول کو پاکستان کے مختلف شہروں میں اور عالمی اردو کانفرنس کو دنیا کے مختلف ممالک میں لے کر گئے ہیں وہ قابل ستائش ہے۔