سری لنکن ٹیم پاکستان کا دورہ کرے گی یا نہیں؟ تازہ ترین خبر آگئی

لاہور: دورہ پاکستان کے حوالے سے سری لنکن کرکٹ بورڈ کو حکومت کی کلیئرنس کا انتظار ہے.

تفصیلات کے مطابق دورہ پاکستان کے حوالے سے سری لنکن کرکٹ بورڈ نے گیند حکومت کے کورٹ میں ڈال دی، حکام کوئی بھی فیصلہ کرنے سے قبل کلیئرنس کے منتظر ہیں۔ گزشتہ دنوں سری لنکن کرکٹ بورڈ کا ایک سیکیورٹی وفد موہن ڈی سلوا کی سربراہی میں پاکستان آیا، کراچی کے بعد لاہور میں بھی مہمانوں کو حفاظتی انتظامات سے آگاہ کیا گیا، متعلقہ اداروں کے حکام نے بریفنگ بھی دی۔ یہ اطلاعات بھی آئیں کہ سیکیورٹی وفد کی رپورٹ مثبت ہے،اب سری لنکن میڈیا نے دعویٰ کیا کہ اگرچہ رپورٹ پر بات چیت ضرور ہوئی لیکن اسے منظوری کیلیے ایگزیکٹیو کمیٹی کے اجلاس میں پیش ہی نہیں کیا گیا۔ یہ معاملہ اس کیلیے بھی تعطل کا شکار ہے کہ بورڈ پاکستان سے کسی بھی قسم کا وعدہ کرنے سے قبل اپنی حکومت کی جانب سے کلیئرنس حاصل کرنے کا منتظر ہے، دوسری جانب سری لنکن میڈیا ذرائع سے یہ بات بھی سامنے آئی کہ پی سی بی کی جانب سے ٹور کے 2 شیڈول سری لنکن کرکٹ بورڈ کو بھجوائے گئے ہیں، ایک شیڈول کے مطابق ٹیسٹ میچز یو اے ای اور دسمبر میں محدود اوورز کے میچز پاکستان میں رکھے گئے جبکہ دوسرے شیڈول میں دونوں ٹیسٹ کے کراچی اور لاہور میں انعقادکا درج ہے، ٹور کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ کیے جانے سے قبل چند معاملات کا جائزہ لینا ضروری ہوگا، حکومتی منظوری اور دیگر تحفظات دور ہونے کے بعد بھی اگلا مرحلہ کرکٹرز کو پاکستان آنے پر آمادہ کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ 2009ء میں لاہور ٹیسٹ کے دوران سری لنکن ٹیم پر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا تھا،اس کے بعد پاکستان میں کھیلوں کے میدان ویران ہوگئے تھے، جس کے بعد سے ہی پاکستان میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں کھیلا گیا.

Comments are closed.