لاہور: پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دسمبر میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان میں ہوگی.
باغی ٹی وی کی سپیشل رپورٹ کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کی دسمبر میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز بھی پاکستان میں ہوگی. ذرائع کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کی ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز بھی اسی وجہ سے جلدی کروائی جارہی ہے تاکہ سری لنکن کرکٹ بورڈ کو بتایا جائے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کے حالات اب پہلے سے بہت بہتر ہیں. ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ دسمبر میں ہونے والی ٹیسٹ سیریز 2 میچز پر مشتمل ہوگی جس کا ایک میچ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم جبکہ دوسرا میچ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا. اگر ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز کامیاب ہوجاتی ہے تو سری لنکن کرکٹ ٹیم پاکستان میں ٹیسٹ میچز کھیلنے بھی ضرور آئے گی. یاد رہے کہ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ون ڈے اور ٹی ٹونٹی سیریز پہلے دسمبر میں ہونا تھی لیکن اب اسے ستمبر میں کروایا جارہا ہے. جس کے تین میچز کراچی اور تین ہی لاہور میں کھیلے جائیں گے. سیریز کے شیڈول کے مطابق ون ڈے سیریز کے تین میچز کراچی میں 27 ستمبر، 29 ستمبر اور 2 اکتوبر کو ہوں گے جبکہ تین ٹی ٹونٹی میچز 5، 7 اور 9 اکتوبر کو لاہور میں ہوں گے.
دوسری جانب پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ میچز پہلے اکتوبر میں شیدول تھے جو اب دسمبر میں کروائے جارہے ہیں اور اب ذرائع سے یہ خبر آرہی ہے کہ یہ میچز بھی پاکستان میں ہی ہوں گے.








