اسلام آباد:52 ورلڈ ریکارڈ رکھنے والا خوش قسمت پاکستانی مارشل آرٹ ایکسپرٹ راشد نسیم جس نے حال ہی میں تین نئے ریکارڈ اپنے نام کیے ہیں جن میں بھارتی شہری بھاکر ریڈی کے دو اعزاز بھی شامل ہیں۔
ذرائع کے مطابق راشد نسیم نے کہنی کے وار سے ایک منٹ میں 234 اخروٹ توڑ ے جب کہ بھارتی مارشل آرٹ ایکسپرٹ بھاکر ریڈی نے ایک منٹ میں 229 اخروٹ توڑے تھے۔پاکستانی مارشل آرٹ ایکسپرٹ نے دوسرا ریکارڈ بھی بھارتی شہری کا ہی توڑا جس میں انہوں نے ایک منٹ میں ٹارگٹ پر114 گھٹنے کے وار کیے۔قبل ازیں یہ اعزاز بھی بھارتی شہری بھاکر ریڈی کے پاس تھا جس نے ٹارگٹ پر ایک منٹ میں 97 وار کیے تھے۔
ذرائع کے مطابق پاکستانی راشد نسیم نے تیسرا ریکارڈ امریکا کےایشریکا فرمان کا توڑا جو انہوں نے ایک منٹ میں سر سے 50 یارڈ اسٹک توڑ کر بنایا تھا۔پاکستانی سپوت نے ایک منٹ میں 64 یارڈ اسٹک توڑکر نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہے۔انہوں نے قبل ازیں انڈے توڑنے، سر سے ناریل اور تربوز پھوڑنے اور ہتھیلی سے اخروٹ توڑنے سمیت متعدد ریکارڈ اپنے نام کر رکھے ہیں۔