متحدہ عرب امارات میں ٹیکسی چلانے والے پاکستانی ڈرائیور نے غیر ملکی سیاح کو ہزاروں ڈالر واپس کر کے ایمانداری کی نئی مثال قائم کردی۔
خلیج ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ڈنمارک سے دبئی آنے والی ایک فیملی نے پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور شفاقت خان سے ساتھ گاڑی میں سفر کیا اور اپنی منزل پر پہنچنے کے بعد وہ قیمتی سامان ٹیکسی میں ہی چھوڑ گئے۔
ٹیکسی ڈرائیور نے ایمانداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے سامان دبئی کے الرشیدیہ پولیس اسٹیشن میں جمع کرایا جہاں اسے کھول کر دیکھا گیا تو معلوم ہوا کہ اُس میں 21 ہزار ڈالر اور قیمتی موبائل ہے۔ پولیس نے مذکورہ فیملی سے رابطہ کیا اور اُنہیں فوری طور پر تھانے پہنچنے کی ہدایت کی۔
بریگیڈیئر سعید حماد بن سلیمان المالک نے گمشدہ سامان مالکان کے حوالے کرنے کے حوالے سے ایک تقریب کا انعقاد کیا جس میں 21 ہزار ڈالر اور موبائل فیملی کے حوالے کیا گیا جبکہ ڈرائیور کو ایمانداری پر اعزازی سرٹیفکٹ اور تحفے کے طور پر کچھ رقم دی گئی۔