سوات: اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ سے متاثر پاکستانی نوجوانوں نے اپنے محدود وسائل سے ’ارطغرل غازی‘ کا سیٹ تیار کرلیا۔
باغی ٹی وی :عمران خان کی ہدایت پر معروف تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ کو سرکاری ٹی وی پر قومی زبان میں ڈب کر کے ارطغرل غازی کے نام سے نشر کیا جارہا ہے جسے پاکستان میں خوب پزیرائی بھی مل رہی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں 150 نوجوان لڑکوں نے ڈرامہ ’پاکستانی ارطغرل‘ بنانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس ضمن میں اُنہوں نے شوٹنگ کے لیے اپنی مدد آپ کے تحت سیٹ تیار کرلیا ہے۔
سوات کے نوجوان لڑکوں کے مطابق وہ ڈرامہ ’ارطغرل پاکستان‘ عیدالفطر کے بعد یوٹیوب پر نشر کریں گے۔
تُرک سیریز ’ارطغرل غازی‘ سے متاثر ہوکر سوات کے نوجوان لڑکوں نے کچھ ہتھیار بھی تیار کیے تھے جنہیں وہ فروخت کرتے ہیں اور پھر اُن پیسوں سے ڈرامے کی شوٹنگ کرتے ہیں۔
’پاکستانی ارطغرل‘ میں ارطغرل غازی کا کردار ادا کرنے والے محمد عباس نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے تُرک سیریز سے متاثر ہوتے ہوئے ڈرامہ بنانے کی فیصلہ کیا اور اس کے لیے اُنہوں نے تمام لباس اور ہتھیار وغیرہ خود اپنے ہاتھوں سے تیار کیے۔
رپورٹس کے مطابق محمد عباس نے کہا کہ پہلے اُنہوں نے ڈرامے کے صرف کچھ سین شوٹ کیے تھے لیکن بعد میں اُنہوں نے اور اُن کے ساتھیوں نے پوری سیریز بنانے کا فیصلہ کیا۔
اُنہوں نے بتایا کہ ’ارطغرل غازی‘ میں بہادر سپاہی عبدالرحمٰن کا کردار ادا کرنے والے ترکش اداکار جلال آل نے بھی پاکستان میں ان سے ملاقات کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق محمد عباس نے کہا کہ ارطغرل غازی کی تاریخ ہمیں ہمارے خوبصورت ماضی سے روشناس کرواتی ہے ہمیں مسلمان ہونے پر بےحد فخر ہے۔