وفاقی حکومت نے مالی سال 2025-26ء کے بجٹ میں آبی وسائل کے تحفظ اور ذخائر کی تعمیر کے لیے 133 ارب روپے مختص کر دیے، جبکہ بھارت کی جانب سے ممکنہ آبی جارحیت کے تناظر میں حکومت نے پانی کو قومی سلامتی کا مسئلہ قرار دیتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا اعلان کر دیا ہے۔

قومی اسمبلی میں بجٹ تقریر کے دوران وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بھارت نے پاکستان کے پانی کو روکنے کی دھمکی دی، جو پانی کو بطور ہتھیار استعمال کرنے کی کوشش ہے، اور حکومت اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔نیشنل واٹر پالیسی 2018ء کے تحت جامع منصوبہ بندی کے ساتھ آبی ذخائر بڑھانے کا عمل تیز کیا جائے گا، اور جلد اس حوالے سے تفصیلی حکمت عملی کا اعلان بھی متوقع ہے۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ گزشتہ برس 59 آبی منصوبوں میں سے 34 مکمل کیے گئے، جن پر مجموعی طور پر 295 ارب روپے خرچ ہوئے۔ رواں مالی سال میں آبی وسائل ڈویژن کے لیے 133 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، جن میں سے 34 ارب جاری منصوبوں کے لیے، جبکہ 102 ارب نئے اور اہم منصوبوں کے لیے رکھے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان میں 95 ارب روپے صرف 15 بڑے منصوبوں پر خرچ کیے جائیں گے، جن میں پانی کے ذخائر، سیلاب سے تحفظ، انڈس بیسن پر ٹیلی میٹری سسٹم اور پانی کے مؤثر استعمال سے متعلق کام شامل ہے۔

اہم مختص رقوم درج ذیل ہیں:

دیامر بھاشا ڈیم: 32.7 ارب روپے

مہمند ڈیم: 35.7 ارب روپے

کراچی بلک واٹر سپلائی منصوبہ (K-IV): 3.2 ارب روپے

کلری باغار فیڈر کینال لائننگ: 10 ارب روپے

انڈس بیسن ٹیلی میٹری سسٹم: 4.4 ارب روپے

پٹ فیڈر کینال: 1.8 ارب روپے

کچھی کینال فلڈ پروجیکٹ: 69 کروڑ روپے

آواران، پنجگور، گروک، گیشکور ڈیمز: 5 ارب روپے

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت محدود وسائل کے باوجود پانی کے ضیاع کو روکنے، فوڈ سیکیورٹی کو یقینی بنانے، اور موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ مدت میں واٹر اسٹوریج میں 10 ملین ایکڑ فٹ کا اضافہ ہوا، پانی کے ضیاع میں 33 فیصد کمی اور مؤثر استعمال میں 30 فیصد بہتری آئی ہے، جو مستقبل کی سمت میں اہم پیش رفت ہے۔

اسرائیل کے دو وزرا پر یورپی ممالک، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کی پابندیاں

وفاقی بجٹ میں کراچی کے ترقیاتی منصوبوں کے لیے اربوں روپے مختص

کراچی، پانی کے ٹینک کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے 4 افراد جاں بحق

درآمدی سولر پینلز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد

آسٹریا کے شہر گراز کے اسکول میں فائرنگ، 10 افراد ہلاک

تعمیراتی شعبے اور کم لاگت گھروں کے لیے ریلیف، فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی ختم

Shares: