سخت گرمی: جاپانی عوام پالتو جانوروں کو پنکھوں والے لباس پہنانے لگے
ٹوکیو: جاپان میں ان دنوں شدید گرمی ہے اور لوگ اپنے پالتو کتے بلیوں کو گرمی کی حدت سے بچانے کے لیے انہیں پنکھوں والے لباس پہنا رہے ہیں ۔
باغی ٹی وی : غیر ملکی میڈیا کے مطابق ٹوکیو میں لباس ساز ایک کمپنی ’سویٹ مومی‘ نے ایسےدلکش لباس بنائے ہیں جن پر پنکھے نصب ہیں جو بے زبان جانوروں کو سخت گرم موسم سے بچا سکتے ہیں اس لباس میں 80 گرام (3-اونس) کا نظام لگا ہے جو بیٹری اور پنکھے پر مشتمل ہے اور اسے جالی دار لباس کے اوپر پہنایا جاتا ہے جس سے پالتو جانور کو خوشگوار ٹھنڈک کا احساس ہوتا ہے۔
پالتو جانوروں کا پنکھا جولائی میں پیش کیا گیا تھا اور اب تک 100 آرڈر موصول ہوچکے ہیں۔ پانچ مختلف سائز میں دستیاب پنکھے کی قیمت 74 ڈالر ہے-
کمپنی کی سربراہ رائی اوزاوا کا کہنا تھا کہ ان کے پاس ایک پالتو کتا ہے جو گرمیوں میں پورا دن بے چین رہتا تھا اور شام کی واک کے وقت بھی گرمی سے نڈھال تھا اس سال جاپان میں بارشیں نہیں ہوئیں، گرمیاں جلد آگئیں جن کی شدت زیادہ تھی اسی وجہ سے ہم نے درست وقت میں جانوروں کےلیے درست شے متعارف کرائی ہے۔
واضح رہے کہ جون کے آخر تک ٹوکیو میں بارشیں ہوئیں لیکن اس کے بعد سے گرمی کی شدید بڑھتی گئی اور ایک وقت ایسا آیا کہ مسلسل نو روز تک درجہ حرارت 35 درجے سینٹی گریڈ سے نیچے نہ آسکا۔
اس پنکھے کو خریدنے والے 48 سالہ شخص نے بتایا کہ پہلے وہ پالتو کتے پر خشک برف کے تھیلے رکھتے تھے لیکن اس کے مقابلے میں جانور کو پنکھے والا لباس پہنانا قدرے آسان ہے۔