اسلام آباد: بچیاں سکول نہ بھیجنے پر والدین کو جیل بھیج دیا جائے: سراج الحق نے بڑا مطالبہ کردیا،اطلاعات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا منشور ہے بچوں کے ساتھ بچیوں کو بھی برابر تعلیمی سہولیات ملیں، آئندہ قانون سازی ہونی چاہیے کہ جو والدین بچیوں کو سکول نہ بھیجیں ان کو جیل بھیجا جائے۔
سراج الحق نے اسلام آباد میں حجاب سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن الیکشن لڑنے کے قانون میں ترمیم کرے، ایسے لوگوں کو الیکشن کیلئے نا اہل قرار دیا جائے جو اپنی موروثی جائیداد میں بہن کا حصہ نہیں دیتے، خواتین کو میراث سے محروم کرنا بہت بڑا جرم ہے، اسلام نے عورت کو مرد کے مقابلے میں زیادہ عزت دی ہے، مغرب کے پراپیگنڈے نے اسلام کے خاندانی نظام کو تباہ کیا۔
سیمینار سے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی حلقہ خواتین دردانہ صدیقی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔