پریانکا چوپڑا نے بھی بالی ووڈ میں نیپوٹزم پر آواز اٹھا دی
بالی وڈ کوئین کنگنا رناوت کے بعد بالی وڈ میں دیسی گرل کے نام سے جانی جانے والی اداکارہ پریانکا چوپڑا نے بھی بالی وڈ میں اقربا پروری کے معاملے پر آواز اٹھا دی-
باغی ٹی وی : بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق بالی وڈ اداکار ہ پریانکا چوپڑاسے ایک انٹر ویو میں جب پوچھا گیا کہ کیا انہیں کبھی اقربا پروری کے باعث فلمی کیرئیر میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے؟ تو انہوں اقرار کرتے ہوئےکہا کہ اس بارے میں انہوں نے اپنی کتاب میں بھی لکھا ہے۔
اداکارہ کامزید کہنا تھا کہ یہ بات ٹھیک ہے کہ ہر ایک اپنے خاندان کا خیال کرنا چاہتا ہے ،ہم سب اپنے دوستوں اور رشتے داروں کی دیکھ بھال کرنا چاہتے ہیں اور ان کے لیے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں، میں بھی یہ کرنا چاہتی ہوں۔
پریانکا کا کہنا تھا کہ اپنے دوستوں اور خاندان والوں کو سپورٹ کرنے کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ دوسروں کو مکمل طور پر نظرانداز کردیں-
اداکارہ نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ جن لوگوں کے پاس میز موجود ہے تو کیا یہ بہتر نہیں ہوگا کہ اگر ہم اس میز کو صرف اپنے لوگوں کی اجارہ داری کی جگہ بنانے کے بجائے میز ہی میں توسیع کی کوشش کریں تاکہ دوسرے بھی وہاں بیٹھ سکیں۔
واضح رہے کہ بالی وڈ میں اقربا پروری کے حوالے سے بحث جاری رہتی ہے تاہم اس میں اس وقت اضافہ ہوا تھا جب اداکار سوشانت سنگھ نے مبینہ طور پر بالی وڈ میں نظر انداز کیے جانے اور کام نہ ملنے پر خودکشی کرلی تھی جس پر اداکارہ کنگنا رناوت نے اس کا ذمہ دار بالی وڈ میں اقربا پروری کو قرار دیا تھا۔