مہنگائی نےعوام کا جینا مشکل کردیا ہے:حکومت مہنگائی کم کرنےکی کوشش کرے :چئیرمین عوام تحفظ موومنٹ
لاہور:مہنگائی نے عوام کا جینا مشکل کردیا ہے:حکومت مہنگائی کم کرنےکی کوشش کرے :چئیرمین عوام تحفظ موومنٹ ڈاکٹر نوید الہی نے پارٹی اجلاس میں ممبرشپ مہم کا آغاز کیا اور کہا مہنگائی عروج پر ہے مگر حکمران سیاسی جوڑ توڑ اور اقتدار بچانے کی تگ و دو میں مصروف ہیں۔ ان کی تمام تر توجہ ڈولتے سنگھاسن کو سنبھالنے میں ہے لیکن ڈوبتے لوگوں کی پرواہ نہیں۔ گھی اور چکن کی قیمتوں میں ہوش ربا اضافے نے لوگوں کو بوکھلا دیا ہے۔ دالوں اور دوائیوں کے نرخ لوگوں کے سینوں پہ مونگ دل رہی ہیں۔ بجلی اور گیس کے بلوں اور پٹرول کے خونچکاں خرچوں نے عوام کو بے حال اور بد حال کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن بھی عوام کے مسائل پہ تو شاید ہی اکھٹی ہوئی ہو مگر حکومت کے حصول کی جنگ کے لئیے یکجا ہو گئی ہے۔ کراچی سے پروفیسر سلمان ڈی محمد نے کیا اور ممبر شپ مہم اور عوام کے لئی پارٹی کی کوششوں کو سراہا۔ شرکا نےتمام اپوزیشن پارٹیوں کے سربراہان سے پر زور اپیل کی کہ غریب، کم آمدنی والوں اور تنخواہ دار طبقے، کسانوں اور مزدوروں کے لئیے جو آواز عوام تحفظ موومنٹ نے اٹھائی ہے اس میں بھرپور ساتھ دیں۔ اس طرح ہم آواز ہونے سے پسے ہوئے لوگوں کو امید ہو گی کہ انکی بھی اس نظام میں شرکت اور شراکت ہے۔ یہ موقع ہے سیاسی پارٹیوں کے لئیے کہ عوام کو یقین دلا سکیں کہ وہ موجودہ نا اہل اور بے حس حکومت کی نالائقی اور سنگدلی کو کبھی نہیں دہرائیں گے۔
چئیرمین عوام تحفظ موومنٹ نے توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ متوسط طبقہ، جو کہ ملک کی اکثریت ہے، کی نمائندگی صفر ہے۔ یہی طبقہ عوام کے مسائل کو سمجھنے کی اہلیت رکھتا ہے۔لہٰزا اسکو امورِ حکومت سے دور رکھا جاتا ہے۔ یہ لوگ روایتی اور ناکارہ لیڈرشپ کا توڑ ہیں۔ ان کا آگے آنا ضروری ہے۔ عوام تحفظ موومنٹ کا عزم ہے کہ پاکستان میں ایسا نظام وضع کیا جائے گا جس میں حکومت فیصلے عوام کی مرضی اور خواہشات کے مطابق شفاف طریقے سے کرے۔
عوام سے کچھ چھپایا نہ جائے۔ وہ فیصلہ سازی میں شرکت اور شراکت کے حقدار ہیں۔ انکی زندگیوں پہ اثر انداز ہونے والے فیصلے چند مالدار اربابِ حکومت بند کمروں میں بیٹھ کر کر دیں، یہ نامنظور ہے۔اسمبلیوں میں بیٹھے نمائندے پارٹی مالکان کی آواز پہ ہی لبیک کہ سکتے ہیں۔ انکی اپنی کوئی آواز اور اختیار نہیں۔ جب تک اسمبلیاں پارٹی مالکان کے تسلط سے واگزار نہیں ہوتیں عوام کو اپنے تحفظ کے لئیے خود آواز اٹھانا پڑے گی۔ عوام تحفظ موومنٹ اس ضمن میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ساتھ ہی ساتھ منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کی سر کوبی کریں گے۔ ان کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔