کراچی :بحری امن2021-مشقیں بھی کانفرنس بھی:نویں عالمی میری ٹائم کانفرنس وفاقی وزیراورناموراسکالرزکی شرکت ،اطلاعات کے مطابق پاک بحریہ کی سرپرستی میں نیشنل انسٹیٹیوٹ آف میری ٹائم افیئرز کے زیر انتظام کثیر الملکی بحری مشق امن21 کے دوران منعقدہ نویں عالمی میری ٹائم کانفرنس کراچی میں جاری ہے۔
اس کانفرنس کا موضوع ”ایک محفوظ اور پائیدار ماحول میں بحری اقتصادیات کی ترقی : بحر ہند کے مغربی خطے کے لیے ایک مشترکہ مستقبل “ ہے۔ کانفرنس کے دوسرے دن نامور قومی و عالمی مقررین نے میری ٹائم سیکیورٹی ، ماحول اور خطے میں ترقی کے امکامات کے مختلف اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔
کانفرنس کا دوسرا دن تین نشستوں پر مشتمل تھا۔ وزیر اعظم کے قومی سلامتی کے خصوصی معاون ڈاکٹرمعید یوسف پہلی نشست کے مہمان خصوصی تھے۔ نشست کے دوران دنیا کے مختلف خطوں کے دانشوروں نے ”میری ٹائم سیکیورٹی اور پائیدار ترقی کی ضرورت ۔ بحرِ ہند کے مغربی خطے کے لیے ایک مشترکہ نظریہ“پر اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
بعد ازاں انسٹیٹیوٹ آف چائنا امریکہ اسٹڈیزکے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر نونگ ہونگ(Nong Hong) نے بیلٹ اینڈ روڈ انیشئیٹیو (Belt and Road Initiative ) اور بحر ہند کی میری ٹائم سیکیورٹی پر اس کے اثرات کے موضوع پر اہم خطاب کیا۔
انہوں نے غیر روایتی سیکیورٹی خطرات کے تناظر میں بحر ہند میں امن و استحکام کے قیام پر زور دیا جہاں کثیرشراکت داروں کے مفادات ہیں۔ اس کے بعد کمانڈر کراچی، وائس ایڈمرل فیصل رسول لودھی نے شرکاءکو مغر بی بحر ہند میں میری ٹائم سیکیورٹی اور علاقائی استحکام میں پاک بحریہ کے کردار سے آگاہ کیا۔ نشست کے آخری مقرر ترکش نیوی کے ریئر ایڈمرل (ایل ایچ) مرات ڈینسمین(Murat Dincman )تھے جنہوں نے میری ٹائم سیکیورٹی چیلنجز پر ترکی کا نقطہ نظر پیش کیا۔
دوسری نشست کے مہمانِ خصوصی میری ٹائم اُمور کے وفاقی وزیر سید علی حید رزیدی تھے۔ممتاز اسکالرز نے ”پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر اور بحری اقتصادیات کی ترقی“ پر گفتگو کی۔جے ایس گلوبل کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر جناب کا مران ناصر نے پاکستان کے میری ٹائم پوٹینشل اور بحری اقتصادیا ت میں سرمایہ کاری کے مواقعوں پر روشنی ڈالی جبکہ پاکستان نیشنل شپنگ کا رپوریشن کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر جناب خرم مزرا نے پاکستان کی شپنگ انڈسٹری میں پرائیویٹ سیکٹر کے کردار پر تبادلہ خیال کیا۔
مزید برآں، ورلڈ میری ٹائم یونیورسٹی سویڈن کے میری ٹائم ایجو کیشن اینڈ ٹریننگ کے سربراہ ڈاکٹر مائیکل اکوو مینول (Michael Ekow Manuel ) نے تعلیم میں میری ٹائم تحقیق کی اہمیت پر زوردیا۔بعد ازاں لوئڈز مارکیٹ ایسوسی ایشن برطانیہ (Lloyd’s Market Association) کے میرین اینڈا یوی ایشن کے سربراہ جناب نیل رابرٹس نے بحری اقتصادیات کی مدد کے ضمن میں میرین انشورنس پر مقالہ پیش کیا۔ نشست کے آخری مقررگرین میرینز ایسوسی ایشن برطانیہ کے ڈاکٹر اڈمنڈ ہگز(Edmund Hughes)نے موجودہ بحری جہازرانی کے رحجانات سیفٹی مینجمنٹ اور ماحول کے لیے قانونی ضرورتوں کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔
کانفرنس کے دوسرے دن کی تیسری اور آخری نشست کے مہمان ِخصوصی پاک بحریہ کے چیف آف اسٹاف، وائس ایڈمرل احمد سعید تھے۔نشست کے دوران اسکالرز نے ”بحر ہند کا موجودہ اسٹریٹیجک ماحول اور علاقائی تعاون کے لیے مواقع“کی ہیئت پر اپنی آراءدیں۔
سینیٹر مشاہد حسین نے بحرِ ہند میں سماجی اقتصادیات کے لیے اسٹریٹیجک پارٹنرشپ کی تشکیل کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہارکیا۔اس کے علاوہ انڈونیشین نیوی کے میئر لاٹ(پی) ڈیڈی گناوان وِڈیاٹموکو(Mayor Laut (P) Dedi Gunawan Widyatmoko)نے جنوبی چین سمندری تنازعہ اوربحرِ ہند کے مغربی خطے کے لیے بحری افواج اور کوسٹ گارڈکے کردار پر گفتگو کی۔
نائیجیریا نیوی کے کموڈور سنڈے ڈینئیل اتاکپا (Sunday Daniel Atakpa) نے رئیر ایڈمرل ابیکنلے ٹیوو اولییائ(Ibikunle Tiwo Olaiya ) کے خلیج گیانا کی دیر پا ترقی کے لیے نائیجیریا کے بحری اقتصادی پوٹینشل کے بارے میں خیالات سے حاضرین کو آگاہ کیا۔ نشست کے آخری مقرر آئی بی اے کی ایسوسی ایٹ ڈین ڈاکٹر ہما ناز بقائی تھیں جنہوں نے ٹرپولر گریٹ گیم، مسابقت، تعاون اور شدید تصادم پر مقالہ پیش کیا۔
کانفرنس میں دنیا بھر سے وفود، پاکستان اور دوست ممالک کی مسلح افواج کے آفیسرز، ماہرین تعلیم، میڈیا کے نمائندگان اور مقامی وعالمی تھنک ٹینکس کے محققین نے شرکت کی۔یہ کانفرنس 13تا15فروری 2021منعقد کی جارہی ہے جس میں عالمی و مقامی ممتاز اسکالرز اپنے اپنے خیالات سے آگہی دے رہے ہیں۔