پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ کچھ دیر میں لوگ 9 مئی کے شرمناک واقعات کروانے پر مذمتی بیان دیں گے۔
باغی ٹی وی: فیصل واوڈا نے دعویٰ کیا کہ دوسرے فیز میں پارٹی سے لاتعلقی اور ملبہ دوسرے پر ڈال دیں گےمیں نے پہلےبھی کہا کہ یہ عمران خان کو بند گلی میں لے آئیں گے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما علی زیدی نے پارٹی چھوڑنے کی خبروں کی تردید کردی کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما علی زیدی نے کہا کہ پی ٹی آئی اس دن چھوڑوں گا جس دن چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پی ٹی آئی چھوڑیں گے۔ 23 سال پارٹی کو دیے ہں۔ ہماری پارٹی کے اندر سے ایسی گھٹیا باتیں کی جارہی ہیں۔
علی زیدی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کو جو کچھ ہوا اس کی مذمت کرتا ہوں۔ پی ٹی آئی وہ تھی ہی نہیں جو اس دن نظر آیا۔ پاکستان کے تمام ادارے ہمارے ہیں۔ میں نے پرتشدد واقعات سے کارکنان کو روکا فوج ہم سے ہے اور ہم فوج سے ہیں، ریاست کے اداروں پر حملے کی مذمت کرتا ہوں۔ عمران خان نے ساری زندگی ہمیں عدم تشدد کا درس دیا۔
جبکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ایڈیشنل سیکرٹری عامر محمودکیانی نے تحریک انصاف اور سیاست چھوڑنے کا اعلان کردیا ہے اپنی پریس کانفرنس میں عامرکیانی نے پی ٹی آئی کی بنیادی رکنیت سے دستبردار ہونے کا اعلان کیا۔
انہوں نے کہا کہ جی ایچ کیو اور کور کمانڈر ہاؤس کا واقعہ افسوس ناک ہے، پاکستان بحران میں ہے، پی ڈی ایم کی مہربانیاں ہیں میرا افواج پاکستان کے ساتھ قریبی تعلق ہے، میرا عمران خان سے تعلق رہا ہے، ایک عرصے سے لاہور نہیں گیا، ہم ادارے اور ریاست کا حصہ ہیں، میانوالی کے واقعات میں بھی میرا نام ڈال دیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات نے ذاتی طور پر مجھے تکلیف پہنچائی، میں نے کبھی افواج پاکستان کے خلاف کوئی بیان نہیں دیا، ہماری بقا اللہ کے بعد فوج کے ساتھ جڑی ہے، جوان شہادتیں دے رہے ہیں، سب سے پہلے افواج کو ہٹ کیا گیا، سیاست اس لیے کر رہے ہیں کہ اداروں کو بھی ملوث کرلیاہے؟
عامر محمود کیانی نے کہا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ میرا 27 سال کا سفر ہے، پارٹی کے ساتھ میں نے گزشتہ ماہ تک مسلسل کام کیا،میرے دادا اور خاندان آرمی سے تعلق رکھتے ہیں، نو مئی کے واقعات نے میرے اوپر بہت اثر کیا ہے،9 مئی کا واقعہ بہت تکلیف دہ تھا، 9 مئی قومی سانحے کا دن تھا، مجھ پر دہشتگردی کے 8،9 سیاسی پرچے درج ہیں-