وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی سے متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابراہیم سلیم الزیبی (Mr. Hamad Obaid Ibrahim Salem Al-zabi) نے ملاقات کی، پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی بھی موجود تھے.ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور،پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کے فروغ اورمختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا.
متحدہ عرب امارات کے سفیر نے وزارت اعلیٰ کے عہدے پر فائز ہونے پر چودھری پرویز الٰہی کو مبارکباد دی،یو اے ای کے سفیر نے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کو متحدہ عرب امارات کے دورے کی دعوت دی،وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی اورمتحدہ عرب امارات کے سفیرکا فیروز پور روڈ لاہور پر مبارک سینٹر پر کام شروع کرنے پر اتفاق کیا.ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے مستقبل میں قریبی رابطوں کو مزید بڑھایا جائے گا۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ Dhabi گروپ اربوں روپے کی سرمایہ کاری کرے گا۔ متحدہ عرب امارات کے وزیر شیخ نہیان بن مبارک النہیان کے تہہ دل سے مشکور ہیں،پنجاب حکومت مبارک سینٹر کی تعمیر کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔ سٹیٹ آف دی آرٹ مبارک سینٹرمیں کاروباری مراکز اورسیون سٹارہوٹل تعمیر ہوگا۔ مبارک سینٹر لاہور کی بلند ترین عمارت ہوگی۔
چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ سیون سٹار ہوٹل کو فلائی اوور سے قذافی سٹیڈیم کے ساتھ لنک کیا جائے گا۔ یہ منصوبہ بننے سے بین الاقوامی کھلاڑیوں کو قذافی سٹیڈیم آنے جانے میں بے پناہ سہولت ہوگی۔ ٹورنامنٹس کے انعقاد کے دوران لاہور کی مصروف سڑکوں پر ٹریفک کی بندش کے عذاب سے نجات ملے گی۔ یہ منصوبہ میرے سابقہ دور میں شروع ہوا،بدقسمتی سے (ن) لیگ کی حکومت نے اسے بھی سیاست کی بھینٹ چڑھایا۔ اب اس منصوبے پر تیزی سے کام آگے بڑھائیں گے۔ مبارک سینٹربننے سے تجارتی و معاشی سرگرمیاں بڑھیں گی اور روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
چودھری پرویز الہیٰ نے مذید کہا کہ پاکستان ا ور متحدہ عرب امارات کے مابین تاریخی برادرانہ تعلقات موجود ہیں۔وقت آ گیا ہے کہ دونوں ممالک کے تعلقات کو سٹریٹجک پارٹنرشپ میں بدلا جائے۔پنجاب میں سرمایہ کاری کے لئے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔
وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے متحدہ عرب امارات کے سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کی دعوت دی.چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کار کمپنیوں کو پنجاب میں خوش آمدید کہیں گے۔ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں متحدہ عرب امارات کا تعاون لائق تحسین ہے۔تعلیم،صحت اوردیگر شعبوں کی بہتر ی کیلئے متحدہ عرب امارات کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔معاشی تعلقات کو فروغ دینے کیلئے بزنس ٹو بزنس وفود کے تبادلے ضروری ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ پہلی فرصت میں متحدہ عرب امارات کا دورہ کروں گا۔
سفیر متحدہ عرب امارات کا کہنا تھا کہ سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے و زیر اعلی چودھری پرویز الٰہی کی ذاتی دلچسپی قابل ستائش ہے – متحدہ عرب امارات کی سرمایہ کار کمپنیاں پاکستان میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں، مبارک سینٹر کی تعمیر کا منصوبہ دونوں ملکوں کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دے گا۔
سفیر متحدہ عرب امارات نے کہا کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر ہے۔ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مضبوط سے مضبوط بنائیں گے۔متحدہ عرب امارات کی قیادت بھی پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔ہم آپ کو متحدہ عرب امارات آمد پر خوش آمدید کہیں گے۔