پرویز الٰہی کی حمایت سے متعلق خبروں پر مسلم لیگ ن کے رکن اسمبلی غیاث الدین کا بیان سامنے آ گیا ہے۔

باغی ٹی وی : لیگی ایم پی اے جلیل شرقپوری کے استعفے کے ساتھ یہ خبریں بھی سامنے آئی تھیں کہ غیاث الدین نے بھی پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے امیدوار پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان کیا ہے تاہم لیگی ایم پی اے غیاث الدین نے اپنے حوالے سے چلنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے پرویز الہٰی کی حمایت کی تردید کر دی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی غیاث الدین کا کہنا ہے کہ مجھ سے متعلق چلنے والی خبر غلط ہے، کسی سے ملاقات کی نہ استعفیٰ دینے کا سوچا اور نہ ہی استعفیٰ دوں گا میرا ووٹ پارٹی کی امانت ہے، امانت میں خیانت نہیں کر سکتا۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 22 جولائی کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کا الیکشن دوبارہ کرانے کا حکم دے رکھا ہے، پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے لیے مسلم لیگ ن کے امیدوار حمزہ شہباز ہیں جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کو امیدوار نامزد کیا ہے۔

واضح رہے کہ ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے اسمبلی رکنیت سے استعفی دے دیا ہے،لیگی رکن اسمبلی جلیل شرقپوری نے اسپیکر پنجاب اسمبلی سے ملاقات کی، جس میں انہوں نے چوہدری پرویز الٰہی کو اپنا استعفیٰ پیش کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے جلیل شرقپوری نے کہا تھا کہ میں پہلے بھی تحریک انصاف میں تھا اب بھی تحریک انصاف کے ساتھ ہوں، میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں-

اسپیکر پنجاب اسمبلی نے جلیل شرقپوری کا استعفی منظور کرلیا ہے، جس کے بعد سیکرٹری پنجاب اسمبلی نے نشست خالی ہونے کا نوٹیفیکیشن جاری کردیا ہے۔سیکریٹری اسمبلی نے نشست خالی ہونے کے نوٹیفیکیشن کی کاپی الیکشن کمیشن کو ارسال کردی ہے۔

خیال رہے کہ جلیل شرقپوری نے 2018 کے عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 139 شیخوپورہ سے کامیابی حاصل کی تھی۔

Shares: