انفارمیشن ٹیکنالوجی (آئی ٹی) کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی انجمن پاکستان سافٹ وئیر ہاؤسز ایسوسی ایشن (پاشا) نے اپنے ارکان کو قانونی معاونت فراہم کرنے کیلئے ٹیک لاء فرم ’جمیل اینڈ جمیل’ سے معاہدہ کر لیا۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاشا کی ایک لنکڈ ان پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ اپنے ارکان کی قانونی معاونت کیلئے ایسوسی ایشن نے معروف ٹیک لاء فرم جمیل اینڈ جمیل سے معاہدہ کر لیا ہے، معاہدے کے تحت تمام ارکان رعایتی فیس پر قانونی مشاورت حاصل کر سکیں گے۔ پاشا کے مطابق ایسوسی ایشن اپنے 600 سے زائد ارکان کو ایک مرتبہ مفت قانونی مشاورت کی سہولت بھی فراہم کرے گی۔

1992 میں آئی ٹی کے شعبے سے وابستہ چند کمپنیوں نے آئی ٹی کی صنعت کیلئے ایک متحرک تنظیم کی ضرورت کے پیش نظر ’پاشا‘ کی بنیاد رکھی تھی۔ ایسوسی ایشن کی ویب سائیٹ کے مطابق اس وقت 600 سے زائد بزنس پراسیس آؤٹ سورسنگ (بی پی او)، کال سینٹرز، اینیمیشن، گیمنگ، کنسلٹنگ، سسٹم انٹیگریٹرز اور متعدد اسٹارٹ اپ کمپنیز ایسوسی ایشن کی رکنیت حاصل کر چکی ہیں۔

جیو کے مطابق اس تمام عرصے کے دوران پاشا کی جانب سے آئی ٹی کے شعبے میں سازگار کاروباری ماحول کیلئے وقتاً فوقتاً حکومتی پالیسیز کیلئے اپنی آراء پیش کرنے کے ساتھ مستقل بنیادوں پر ورکشاپس، کانفرنسز اور تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جاتا رہا۔ اس کے علاوہ پاشا کی جانب سے کیریئر ایونٹس، سیلری سروسز بھی منعقد کی گئی، ساتھ ہی بین الاقوامی نمائشوں کیلئے وفود بھیجنا اور اراکین کیلئے نیٹ ورکنگ کے مواقع پیدا کرنا بھی ایسوسی ایشن کی ترجیحات میں شامل رہا۔

پاشا کو قانونی معاونت فراہم کرنے والی ٹیک لاء فرم جمیل اینڈ جمیل گزشتہ 30 سال سے ٹرانزیکشن ایڈوائس، پالیسی ایڈوائس اور لیگل کنسلٹنسی سمیت دیگر شعبوں میں قانونی معاونت فراہم کرنے کا کامیاب تجربہ رکھتی ہے۔ ’جمیل اینڈ جمیل‘ کے روح رواں یونیورسٹی کالج لندن کے لاء گریجویٹ بیرسٹر زاہد جمیل بینکنگ قوانین، بین الاقوامی قانون، پراپرٹی قوانین، آئین، کانفلکٹس آف لاء، کارپوریٹ فنانس، سکیوریٹائیزیشن، تجارت کے بین الاقوامی قوانین، پرائیویٹائزیشن، پیٹرولیم قوانین اور کمرشل معاملات کے قوانین میں مہارت رکھتے ہیں۔

لاء فرم کی ویب سائٹ کے مطابق زاہد جمیل نے الیکٹرانک ٹرانزیکشن ایکٹ 2002 کی تیاری میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اس وقت وہ آئی ٹی سیکٹر کیلئے سائبر کرائم، الیکٹرانک بینکنگ، ٹیلی کمیونیکیشن اینڈ کنورجینس اور اینٹی ٹرسٹ سے متعلق قوانین کے مسودے تیار کرنے میں معاونت کر رہے ہیں۔ زاہد جمیل آئی سی سی پاکستان ای بزنس، آئی ٹی اینڈ ٹیلی کامز کمیشن کے چیئرمین جبکہ اقوام متحدہ کے مرکز برائے ٹریڈ اینڈ الیکٹرانک بزنس کے لیگل گروپ کے وائس چیئرمین ہیں۔

Shares: