عام انتخابات سے ایک روز قبل بلوچستان میں دہشت گردی کا واقعہ پیش آیا ہے ، پشین اور قلعہ سیف اللہ میں دھماکے ہوئے، دونوں دھماکے انتخابی دفاتر میں ہوئے، بلوچستان میں بم دھماکوں کے نتیجے میں 27 افراد جاں بحق اور 42 سے زائد زخمی ہو گئے۔پشین میں دھماکے کے نتیجے میں 17 افراد جاں بحق اور 30 زخمی ہوئے،جبکہ قلعہ سیف اللہ میں جے یوآئی کے دفترکے قریب دھماکے میں 10 افراد جاں بحق اور 12 افراد زخمی ہو گئے بلوچستان کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، صوبہ بھر میں سیکورٹی بھی مزید سخت کر دی گئی ہے.
بلوچستان کے علاقے پشین کےحلقہ پی بی 47 میں انتخابی دفتر میں دھماکہ ہوا ہے،دھماکے میں 17 افراد جاں بحق ، تیس افراد زخمی ہوئے ہیں،پشین کی تحصیل خانوزئی میں دھماکہ ہوا، دھماکہ سابق صوبائی وزیر اسفندیار کاکڑ کے انتخابی دفتر پر ہوا ، دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا، لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، اطلاعات کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا۔
پشین دھماکہ، الیکشن کمیشن کا نوٹس، رپورٹ طلب
الیکشن کمیشن نے پشین پی بی 47 میں سیاسی جماعت کے دفتر کے قریب دھماکے کانوٹس لیا ہے،الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹس طلب کرلیں،الیکشن کمیشن نے کہا کہ واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوری کاروائی کی جائے،
امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا.نگران وزیراعظم
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے ضلع پشین کے علاقے خانو زئی اور قلعہ سیف اللہ میں دھماکوں کی شدید مذمت کی ہے،نگران وزیراعظم نے دھماکوں کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ، نگران وزیراعظم نے دھماکوں میں شہید ہونے والوں کی بلندی ء درجات کی دعا اور ان کے اہل خانہ سے اظہارِ تعزیت کی،نگران وزیراعظم نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایات بھی دیں،نگران وزیراعظم نے چیف سیکرٹری بلوچستان سے واقعات کی رپورٹ طلب کر لی ، نگران وزیراعظم انوارالحق کا کڑ کا کہنا تھا کہ امن و امان کی صورتحال کو سبوتاژ کرنے کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جائے گا. حکومت عام انتخابات کے پر امن انعقاد کے لیے پر عزم ہے,
وزیر داخلہ ڈاکٹر گوہر اعجاز نے قلعہ سیف اللہ میں جمعیت علما اسلام ف کے دفتر کے باہر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے، وزیر داخلہ نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ شہدا کے اہلِ خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں،
قلعہ سیف اللہ بم دھماکے کے زخمیوں کو علاج معالجے کے لئے کوئٹہ منتقل کرنے کی ہدایت
نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے قلعہ سیف اللہ بم دھماکے کے زخمیوں کو علاج معالجے کے لئے کوئٹہ منتقل کرنے کی ہدایت کر دی،حکومت بلوچستان کا ہیلی کاپٹر قلعہ سیف اللہ روانہ ہو گیا،نگران وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات فراہم کی جائیں، نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا بھی کی
کوئٹہ: نگراں وزیر اعلٰی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی کی قلعہ سیف اللہ بم دھماکے کے زخمیوں کو علاج معالجے کے لئے کوئٹہ منتقل کرنے کی ہدایت pic.twitter.com/AiOjvtvTxg
— Baaghi TV باغی ٹی وی (@BaaghiTV) February 7, 2024
الیکشن سے چند گھنٹے پہلے یہ بزدلانہ دہشتگردی کے حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے، شہباز شریف
سابق وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بلوچستان کے علاقوں پشین اور قلعہ سیف اللہ میں افسوسناک دھماکوں میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان کا سن کر انتہائی دکھ اور تکلیف ہوئی۔ الیکشن سے چند گھنٹے پہلے یہ بزدلانہ دہشتگردی کے حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ اللہ پاک شہداء کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائیں اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل دیں۔ آمین
وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی پشین میں انتخابی دفتر کے قریب دھماکے کی شدید مذمت
وزیر اعلیٰ محسن نقوی نےدھماکہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا،وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کی، اور کہا کہ زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔پنجاب حکومت دکھ کی اس گھڑی میں جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ دہشت گردی کا یہ واقعہ ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش ہے۔ اتحاد و اتفاق کی قوت سے اس دہشتگردی کے ناسور کا خاتمہ کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔
بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف عزم متزلزل نہیں ہوگا،نگران وزیر داخلہ بلوچستان
نگران وزیر داخلہ بلوچستان میر زبیر جمالی نے پشین PB47 میں انتخابی دفتر میں دھماکہ کا نوٹس لیا ہے،وزیر داخلہ نےواقعہ میں قیمتی انسانوں جانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا،وزیر داخلہ نے ڈپٹی کمشنر سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی اور کہا کہ بزدلانہ کارروائیوں سے دہشت گردی کے خلاف عزم متزلزل نہیں ہوگا۔دشمن ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کے درپے ہے۔اتحاد اور اتفاق سےدشمن کی سازش کو ناکام بنائیں گے۔اس طرح کے حملے سے انتخابی عمل متاثر نہیں ہو گا،
دھماکوں کے باوجود بلوچستان میں الیکشن ہوں گے اور پُرامن ہوں گے،جان اچکزئی
نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ دھماکے میں زخمی ہونے والے افرا د کو اگر کوئٹہ میں علاج کی سہولت نہیں مل سکی تو دوسرے شہروں میں بھیجیں گے،ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹرسائیکل میں نصب کیا گیا تھا، خودکش حملہ نہیں تھا، اس حوالے سے مزید تحقیقات بھی جاری ہیں، دھماکا افسوسناک ہے، کل بلوچستان کے عوام نکلیں گے اور دہشتگردوں کے عزائم خاک میں ملائیں گے، بلوچستان میں الیکشن ہوں گے اور پُرامن ہوں گے، افسوسناک واقعے کے باوجود اپنی ذمے داری جاری رکھیں گے
پشین کے بعد قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی کےانتخابی دفتر کے قریب دھماکہ، 10 افراد کی موت،
دوسری جانب قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی کے انتخابی دفتر کے قریب دھماکہ ہوا ہے ، دھماکے کے نتیجے میں 10 افراد کی موت ہوئی ہے، پولیس کے مطابق،کارکنوں کی بڑی تعداد دفتر میں موجود تھی۔اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچی، دھماکے میں 12 افراد زخمی ہوئے ہیں جن کو طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا،ڈی ایچ کیو اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے،جس جگہ دھماکہ ہوا یہ کوئٹہ سے 170 کلو میٹر دور ہے، جے یو آئی کے مولانا سمیع الحق یہاں سے امیدوار ہیں، دھماکہ انکے انتخابی دفتر کے قریب ہوا،
قلعہ سیف اللہ میں دھماکا، الیکشن کمیشن کا نوٹس، رپورٹ طلب کر لی
الیکشن کمیشن نے بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللّہ میں جمیعت علما اسلام ف کے دفتر کے قریب دھماکے کا نوٹس لے لیا، الیکشن کمیشن نے واقع کی رپورٹ طلب کر لی، الیکشن کمیشن نے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹس طلب کر لی اور کہا کہ ان واقعات میں ملوث افراد کے خلاف فوری کاروائی کی جائے،
بم دھماکے میں ملوث منصوبہ سازوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے،بلاول
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے پشین میں دہشتگردی کی مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ بم دھماکے میں ملوث منصوبہ سازوں کو قانون کی گرفت میں لایا جائے ،معصوم انسانوں کو نشانہ بنانا انتہائی وحشیانہ عمل ہے،وفاقی اور بلوچستان حکومت مجرموں کو بے نقاب کرکے انصاف کے کٹہرے میں لائے ،بلاول بھٹو زرداری نےبم دھماکے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے،بلاول بھٹو زرداری نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی ہے،
دہشتگردوں کیخلاف آپریشن مزید تیز کیا جائے، محمود مولوی
پشین دھماکا، استحکام پاکستان پارٹی کی جانب سے واقعے پر مذمت کا اظہار کیا گیا ہے،آئی پی پی سندھ کے صدر محمود مولوی نےدھماکے میں جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ زخمیوں کی جلد مکمل صحتیابی کیلئے دعاگو ہیں، سازش کے تحت چند ملک دشمن قوتیں امن خراب کررہی ہیں، بھارتی ایجنڈا پر کام کرنے والے چند گمراہ لوگوں کے عزائم پورے نہیں ہونگے، دہشتگردوں کیخلاف آپریشن مزید تیز کیا جائے،
جنوبی وزیرستان، پی ٹی آئی پارلیمنٹرینز کے امیدوار کی گاڑی کے قریب دھماکا
دوسری جانب جنوبی وزیرستان میں پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرینز کے امیدوار کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 2 افراد زخمی ہو گئے ہیں، پولیس کے مطابق حلقہ پی کے 110 سے امیدوار نصیر اللہ وزیر کی گاڑی کے قریب دھماکا ہوا تاہم وہ اس وقت گاڑی میں موجود نہیں تھے،گاڑی میں موجود 2 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں جنہیں فوری طور پر ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا، دھماکے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے.
جامشورو، مرکزی مسلم لیگ کے انتخابی دفتر پر حملہ، فائرنگ
دوسری جانب سندھ کے علاقے جامشورو مدینا نگر میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے انتخابی دفتر پر آفس پر مسلح افراد نے حملہ کیا ،واقعہ گزشتہ شب پیش آیا،موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے انتخابی دفتر پر فائرنگ کی اور موقع سے فرار ہو گئے، مرکزی مسلم لیگ سندھ کے صدر فیصل ندیم کا کہنا ہے کہ جامشورو میں مرکزی مسلم لیگ کے الیکشن آفس پر دہشتگردوں کے حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائے گا
جامشورو میں مرکزی مسلم لیگ کے الیکشن آفس پر دہشتگردوں کے حملہ کی شدید مذمت کرتے ہیں ملوث افراد کو فوری گرفتار کیا جائے بصورت دیگر شدید احتجاج کیا جائے گا
— فیصل ندیم (@officialfaisaln) February 6, 2024
پختون سرزمین پر پختونوں کا بہنے والا خوں کب رکے گا؟ سینیٹر مشتاق احمد،
جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا ہے کہ پختون اور پختون سرزمین ہی دہشتگردی کا نشانہ کیوں؟پشین میں سابق صوبائی وزیراسفندیارکاکڑ کے انتخابی دفتر اور قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی کے دفتر میں بم دھماکوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں، دھماکوں میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے خاندانوں سے تعزیت کرتا ہوں،یہ دہشتگردی قتل و غارت بدترین درندگی ہے۔ وفاقی،صوبائی حکومتیں، فورسز اور انٹیلیجنس ادارے، سول ایڈمنسٹریشن عوام کے تحفظ میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں۔ شہداء کی مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگوہ ہوں۔ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے۔،پختون سرزمین پر پختونوں کا بہنے والا خوں کب رکے گا؟اس الیکشن میں دہشتگردی کے تقریبآ سارے واقعات پختونوں کے سرزمین پر ہوئے،پختونوں کے خون سے پختونوں کی سرزمین رنگین کردی گئی ہے،آج پشین اور قلعہ سیف اللہ کے اندوہناک واقعات کے بعد کی صورتحال دیکھی نہیں جاسکتی،ظلم کی انتہا ہے۔باڑ،فوج، ایف سی، پولیس، انٹیلیجنس ایجنسیوں، سول ایڈمنسٹریشن کے باوجود دہشتگردی قابو میں کیوں نہیں آرہی؟
ہمارے تحفظات پر مذاق اڑانے والے سیاسی بچونگڑے شہدا کے خون کے ذمہ دار ہیں،ترجمان جے یو آئی
جے یوآئی ترجمان اسلم غوری کا کہنا ہے کہ ادارے امن وامان کے قیام میں مکمل ناکام ہو چکے ہیں ۔ہمارے تحفظات پر مذاق اڑانے والے سیاسی بچونگڑے ان شہدا کے خون کے ذمہ دار ہیں۔ قلعہ سیف اللہ اور پشین میں ہونے والے خودکش حملوں پر چیف الیکشن کمشنر ،چیف جسٹس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے عوام کو جوابدہ ہیں ۔عوام کے خون پسینے پر اسلام آباد کے عالیشان محلات میں رہنے والوں کو عوام کی کوئی پرواہ نہیں ۔کارکن فوری طور پر طبی امداد میں تعاون کریں ،حکومت اور انتظامیہ نام کی کوئی چیز ملک میں موجود نہیں ۔واقعہ افسوسناک ہے ۔ملک دہشت گردوں کے رحم و کرم پر ہے ۔پہلے انتباہ کیا تھا کہ امن وامان کی صورتحال بہتر نہیں لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی ۔کارکن صبر وتحمل کا مظاہرہ کریں اور مرکزی قیادت کے فیصلے کا انتظار کریں ۔شہید ہونے والوں کے لئے دعاء مغفرت کرتے ہیں ۔اللہ کریم لواحقین کو صبر جمیل عطاء فرمائے ۔آمین
شہریوں کو قتل کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے،اسفند یار ولی
عوامی نیشنل پارٹی کے صدر اسفند یار ولی نے بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دھماکوں میں شہید ہونے والے افراد کا قصور آخر کیا تھا؟ریاست اور حکومت عوام کو تحفظ کا احساس دلائے، شہریوں کو قتل کرنے والوں کو نشان عبرت بنایا جائے، امن کے دشمن عوام میں خوف و ہراس پھیلانا چاہتے ہیں، انتخابات کو پُرامن بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے.
بلوچستان دھماکے، ایران کی مذمت
پاکستان میں ایرانی سفارتخانے نے بلوچستان میں دہشتگردانہ حملوں کی مذمت کی ہے، سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ایرانی سفارتخانے کے اکاؤنٹ سے بیان پوسٹ کیا گیا ہے،ترجمان ایرانی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ایران بلوچستان میں دہشتگرد حملے کی شدید اور دو ٹوک الفاظ میں مذمت کرتا ہے، اس دہشت گردحملےمیں معصوم شہری شہیداورزخمی ہوئے، غم کی اس گھڑی میں ایران پاکستانی حکومت اور عوام سے دلی اظہار تعزیت کرتا ہے، ایران اپنے پیاروں کو کھونے والے متاثرہ خاندانوں سے اظہارہمدردی کرتا ہے








