نوراتری کے رنگ میں رنگے گجرات کے مسافروں نے گوا ایئرپورٹ کو رقص گراؤنڈ میں بدل ڈالا۔ سورت جانے والی پرواز کی پانچ گھنٹے تاخیر کے باوجود نہ صرف مسافروں کے چہروں کی خوشیاں برقرار رہیں بلکہ انہوں نے روایتی رقص گربا کرکے سب کو محظوظ کر دیا۔
مایور نامی ایک مسافر کام کے سلسلے میں گوا گئے تھے۔ ان کی خواہش تھی کہ وہ سورت جلد واپس لوٹ کر نوراتری کی تقریبات، خصوصاً گربا، میں شریک ہوں۔ انہوں نے پہلے ٹرین کا ٹکٹ بک کیا تھا لیکن تاخیر کی وجہ سے اسے منسوخ کر کے ہوائی جہاز کا انتخاب کیا۔ تاہم، سورت جانے والی یہ پرواز بھی اتوار کی شام پانچ بجے روانگی کے بجائے تکنیکی مسئلے کے سبب کئی گھنٹے لیٹ ہو گئی۔پرواز کی تاخیر نے جب مسافروں کو بے چین کیا تو مایور نے ایک فضائی میزبان سے سورت جلد پہنچنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اسی گفتگو نے خوشی کا نیا دروازہ کھول دیا۔ فضائی عملے نے فوری طور پر اسپیکر کا انتظام کیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ایئرپورٹ ہال گربا کے رنگوں میں ڈوب گیا۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ خواتین و حضرات روایتی دھنوں پر تالیاں بجاتے، دائرے کی شکل میں گھومتے اور رقص کرتے نظر آ رہے ہیں۔ ایک شخص دائرے کے درمیان موجود لوگوں کو آواز دے کر رقص کا دائرہ مزید بڑا کرنے کا کہتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافر شامل ہو سکیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ایئرلائن عملے کے کچھ افراد بھی مسافروں کے ساتھ شامل ہوئے اور گربا کے تال میل پر اپنے قدموں سے خوشی کا اظہار کیا۔ پس منظر میں موجود دیگر مسافر، جو اپنی اپنی پروازوں کے منتظر تھے، یہ سماں دیکھ کر جھوم اٹھے اور داد دی۔