پی سی بی کا دورہ انگلینڈ کے لیے شعیب ملک کو خصوصی چھوٹ دینے کا فیصلہ

پی سی بی کا دورہ انگلینڈ کے لیے شعیب ملک کو خصوصی چھوٹ دینے کا فیصلہ

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے شعیب ملک کو دورہ انگلینڈ کے لیے خصوصی چھوٹ دینے کا فیصلہ کیا ہے .

شعیب ملک 24 جولائی کو پاکستان کرکٹ ٹیم کو انگلینڈ میں جوائن کریں گے۔ اس سے قبل وہ اپنے اہل خانہ کے ساتھ وقت گزاریں گے۔ وہ گذشتہ پانچ ماہ سے اپنے اہل خانہ سے نہیں مل پائے۔

کورونا وائرس کے سبب بین الاقوامی سفری پابندیوں کے پیش نظر قومی کرکٹر کی اہلیہ ثانیہ مرزا اور ان کے بیٹے ازہان مرزا ملک بھارت جبکہ شعیب ملک سیالکوٹ میں مقیم ہیں۔ سفری پابندیوں سے قبل شعیب ملک ایچ بی ایل پی ایس ایل 2020 میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے میں مصروف تھے۔ 20 فروری کو شروع ہونے والا ایونٹ 17 مارچ کو التواء کا شکار ہوگیا تھا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا ہے کہ ہمارے برعکس شعیب ملک اپنی پیشگی مصروفیات اور کورونا وائرس کے سبب سفری پابندیوں کے پیش نظر گذشتہ پانچ ماہ سے اپنے اہل خانہ کو نہیں دیکھ سکے۔ چیف ایگزیکٹو پی سی بی نے کہا چونکہ سفری پابندیوں میں آہستہ آہستہ نرمی واقع ہورہی ہے جس سے اس خاندان کے دوبارہ یکجا ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے، لہٰذا مناسب ہے کہ ہم اپنی ذمہ داری نبھاتے ہوئے انسانی بنیادوں پر ہمدردی کا مظاہرہ کریں اور شعیب ملک کی درخواست کا احترام کریں۔

وسیم خان نے کہا کہ ہم نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا ہے اور وہ صورتحال کو سمجھتے ہیں، اس حوالے سے انہوں نے شعیب ملک کو 24 جولائی کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے پر اتفاق کیا ہے۔انہوں کہا کہ بلاشبہ شعیب ملک اسکواڈ کو جوائن کرنے سے قبل ملک میں داخلے سے متعلق برطانوی حکومت کی پالیسیوں پر عمل کریں گے۔

قومی کرکٹ ٹیم ڈربی شائر روانگی سے قبل 28 جون کو مانچسٹرکے لیے روانہ ہوگی۔ قومی ٹیم ڈربی شائر میں 14 روز تک قرنطینہ میں وقت گزارے گی، اس دوران ٹیم کو ٹریننگ اور پریکٹس کرنے کی اجازت ہوگی۔ ٹریننگ اور پریکٹس کے علاوہ پریکٹس میچوں کی کمی کی تلافی کے لیے چند انٹرا اسکواڈ میچز کا انعقاد بھی کیا جائے گا کیونکہ ای سی بی کے ڈومیسٹک سیزن کا آغاز نہ ہونے کے سبب پاکستان کرکٹ ٹیم کو پریکٹس میچز کھیلنے کے لیے مقامی ٹیمیں دستیاب نہیں ہیں۔

Comments are closed.