پی سی بی کی اجازت کے بعد کراچی میں کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی اجازت کے بعد کراچی میں کرکٹ سرگرمیوں کا آغاز ہو گیا۔ اکیڈمیز نے کام شروع کر دیا۔ نوجوان کھلاڑی ٹریننگ میں مصروف ہیں پریکٹس میچز بھی ہونے لگے۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے باعث چار ماہ بند کرکٹ کے ویران میدان آباد ہونے لگے۔ لاک ڈاون ختم ہو گیا، کرکٹ کی سرگرمیاں شروع ہو گئیں، پی سی بی کی اجازت کے بعد کرکٹ اکیڈمیزنے شہر قائد میں کام کا آغاز کردیا۔

مستقبل کے سٹار کرکٹ ٹریننگ میں مصروف ہیں، میچ میں بھی ان ایکشن نظر آئے، صبح شام ٹریننگ کے سیشن جاری بچے اور کوچز بھی کھیل کی بحالی پر مسرور ہوئے۔یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ایس او پیز کے تحت تمام کرکٹ اکیڈمیز کو کھیل شروع کرنے کی اجازت دی تھی.
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرونا وائرس پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے ملک بھر میں کرکٹ کی سرگرمیوں کی مرحلہ وار، بتدریج اور محتاط بحالی کا دوبارہ سے آغاز کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کھلاڑیوں کی صحت اور حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے پی سی بی نے پہلے مرحلے میں حکومت کی جانب سے جاری کردہ کوویڈ 19 پروٹوکولز پر سختی سے عملدرآمد کرتے ہوئے فی الحال موجودہ کرکٹرز کے لیے سہولیات کھولنے اور تفریحی کرکٹ (غیر پیشہ ور) کی دوبارہ بحالی کی اجازت دی ہے۔

آئندہ کرکٹ سیزن کی تیاری کے لیے ایلیٹ کھلاڑیوں کو محفوظ ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اس عمل کی تیاری میں پی سی بی کے میڈیکل اینڈ اسپورٹس سائنسز نے صورتحال کا بغور جائزہ لیا ہے۔دوسرے مرحلے میں پی سی بی ڈومیسٹک کرکٹ سیزن سے متعلق اپنے پروٹوکولز جاری کرے گا۔ پی سی بی ملک میں کورونا وائرس کی بدلتی صورتحال کا مسلسل جائزہ لے رہا ہے اور اس ضمن میں جب مناسب سمجھے گا پروٹوکولز میں تبدیلی کرسکے گا

Shares: