پی سی بی نے خواتین کرکٹرز کے لیے سنٹرل کنٹریکٹ 2020-21 کا اعلان کردیا

0
27

پی سی بی نے خواتین کرکٹرز کے لیے سنٹرل کنٹریکٹ 2020-21 کا اعلان کردیا

باغی ٹی وی رپورٹ کے مطابق : پاکستان کرکٹ بورڈ نے سیزن 2020-21 کے لیے سینٹرل کنٹریکٹ کااعلان کردیا ہے۔ یکم جولائی سے نافذ العمل سینٹرل کنٹریکٹ میں اسپنر انعم امین اوربیٹر عمیمہ سہیل سمیت 9 خواتین کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔دوسری جانب گذشتہ سیزن کے دوران انٹرنیشنل کرکٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے کے سبب بسمہ معروف، جویریہ خان اور ڈیانا بیگ کو سنٹرل کنٹریکٹ میں ترقی دے دی گئی ہے۔

اس ضمن میں پی سی بی نے سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل تمام کٹیگریزکے معاوضوں میں اضافہ کردیا ہے۔ کٹیگری اے کی ماہانہ آمدن میں 33 فیصد ، بی میں 30 جبکہ سی میں 25 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ پی سی بی نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی نوجوان کرکٹرز کی کارکردگی کو سراہنے اور انہیں کھیل کی طرف مزید راغب کرنے کے لیے ایک نئی کٹیگری تشکیل دی ہے۔ ایمرجنگ کٹیگری کی فہرست میں 16 سالہ سیدہ عروب شاہ، 15 سالہ عائشہ نسیم اور 22 سالہ منیبہ علی ، فاطمہ ثناء، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، رامین شمیم، صباء نذیراور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔

اُدھر پی سی بی نے ڈومیسٹک ایونٹس کے معاوضے بھی بڑھا دئیے ہیں۔ ان ایونٹس کی میچ فیس اور انعامی رقم میں 100 فیصد جبکہ ڈومیسٹک ڈیلی الاؤنس میں 50 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

علاوہ ازیں پی سی بی نے بسمہ معروف کو سیزن 2020-21 کے لیے کپتان برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے تاہم فیصلہ کیا گیا ہے کہ ہیڈ کوچ اقبال امام کے کنٹریکٹ میں توسیع نہیں کی جائے گی۔ اقبال امام کی خدمات کو واپس ہائی پرفارمنس سیٹ اپ کے حوالے کردیاگیا ہے۔ہیڈ کوچ کی تقرری کے لیے اشتہار مقررہ وقت پر جاری کردیا جائے گا۔

سنٹرل کنٹریکٹ برائے 2020-21 :

کٹیگری اے : بسمہ معروف، جویریہ خان
کٹیگری بی: عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ اور سدرہ نواز
کٹیگری سی: انعم امین، ناہیدہ خان، عمیمہ سہیل اور ندا ڈار
ایمرجنگ کنٹریکٹ لسٹ: سیدہ عروب شاہ، عائشہ نسیم، منیبہ علی ، فاطمہ ثناء، کائنات حفیظ، نجیہ علوی، رامین شمیم، صباء نذیراور سعدیہ اقبال

قومی ٹی ٹونٹی چیمپئن شپ میں 58 سے زائد رنزکی اوسط سے 292 رنز بنانے والی منیبہ علی نے ایونٹ کے پانچ میچوں میں ایک سنچری اور تین نصف سنچریاں بنائیں۔ان کے ہمراہ ایمرجنگ کٹیگری میں شامل عروب شاہ نے بنگلہ دیش کے خلاف اپنے ڈیبیو میں شاندار کارکردگی کی بدولت پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ حاصل کیا تھا۔ 16 سالہ اسپنر کو قومی ایک روزہ چیمپئن شپ کی بہترین باؤلر قرار دیا گیا تھا۔

آئندہ 12 ماہ میں قومی خواتین کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کوالیفائر اور اے سی سی ویمنز ٹی ٹونٹی کپ میں شرکت کرنی ہے۔ اس دوران قومی انڈر 19 خواتین کرکٹ ٹیم کو آئی سی سی انڈر 19 ویمنز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ میں شرکت کرنی ہے۔

عروج ممتاز، چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ:

چیف سلیکٹر قومی خواتین کرکٹ عروج ممتاز کا کہنا ہےکہ سلیکشن کمیٹی کی جانب سے وہ سنٹرل کنٹریکٹ حاصل کرنے والی کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کرتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سنٹرل کنٹریکٹ کے اعلان سے قبل سلیکشن کمیٹی نے ا یک طویل مشاورت کی، جہاں گذشتہ 12 ماہ کے دوران قومی خواتین کھلاڑیوں کی کارکردگی اور فٹنس کا پیمانہ اپنایا گیا ۔

عروج ممتاز کا کہنا ہے کہ رواں سال بیٹنگ کے شعبے میں پاکستان کے لیے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی بسمہ معروف اور جویریہ خان کو سنٹرل کنٹریکٹ کی اے کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بسمہ معروف نے رواں سال ایک روزہ کرکٹ میں 42.60 کی اوسط سے 213 اور ٹی ٹونٹی کرکٹ میں 39.33کی اوسط سے 236 رنز بنائے۔ دونوں کرکٹرز اس سے قبل بی کٹیگری کا حصہ تھیں۔

عروج ممتاز نے کہا کہ گذشتہ 12 ماہ میں پاکستان کے باؤلنگ اٹیک کی قیادت کرنے والی فاسٹ باؤلر ڈیانا بیگ کو بھی عمدہ کارکردگی کی بدولت سنٹرل کنٹریکٹ میں ایک درجہ ترقی دے کر بی کٹیگری میں شامل کیا گیا ہے۔ان کے علاوہ آلراؤنڈر عالیہ ریاض اور وکٹ کیپر سدرہ نواز بھی کٹیگری بی کا حصہ ہیں۔

Leave a reply