پیمرا نے توہین عدالت کیس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی تقریر کا ریکارڈ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کرا دیا ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج زیبا چودھری کو دھمکانے کے الزام میں عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس کے سلسلے میں پیمرا کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی ایف نائن پارک میں تقریر کا ریکارڈ عدالت میں جمع کروا دیا گیا ہے۔
پیمرا کے ڈی جی مانیٹرنگ اشفاق احمد مانی نے عدالتی حکم پر عمران خان کی 20 اگست کی تقریر کی ڈی وی ڈی اور ٹرانسکرپٹ عدالت میں جمع کروایا۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 23 اگست کو نوٹس جاری کر کے ریکارڈ طلب کیا تھا، جس کے بعد پیمرا کی جانب سے عدالتی حکم پر عمل درآمد کی رپورٹ بھی ریکارڈ کے ساتھ جمع کروائی گئی ہے۔
دوسری جانب توشہ خانہ کیس میں سابق وزیراعظم عمران خان کی نااہلی کے ریفرنس تحریک انصاف کے وکیل نے جواب جمع کرانے کےلیے پھرمہلت مانگ لی، الیکشن کمیشن نے ایک ہفتے میں جواب جمع کرانے کی ہدایت کردی۔
چیف الیکشن کمشنرسکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں 5 رکنی کمیشن نے سماعت کی، تحریک انصاف کے معاون وکیل بیرسٹر گوہر نے کمیشن کو بتایا کہ علی ظفر لاہور میں ہیں اس لئے ان سے مشاورت نہیں ہو سکی۔ کوشش ہوگی آئندہ سماعت تک جواب جمع کروا دیں، ذاتی طور پر وقت مانگ رہا ہوں، کمیشن دو ہفتے دے دے۔
الیکشن کمشنر کہا کہ سارا کچھ تو ریکارڈ کا حصہ ہے اتنا وقت لگنا نہیں چاہیے، تحریک انصاف کے وکیل کی مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کردی۔ تحریک انصاف کے وکیل کی مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے الیکشن کمیشن نے سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کردی۔ کیس کی سماعت کے دوران الیکشن کمیشن کے باہر غیرمعمولی سیکیورٹی انتظامات کئے گئے تھے۔ الیکشن کمیشن کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی۔








