پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے لیے آصف زرداری لاہور پہنچ گئے.پیپاپارٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہونگے اور وفاقی حکومت اپنی مدت پوری کرے

پاکستان پیپلز پارٹی نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ کھڑا ہونےکا فیصلہ کیا ہے۔پنجاب میں ہونے والے ضمنی الیکشن کے بعد بلاول ہاؤس کراچی میں پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا ہنگامی اجلاس منعقد ہوا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما اور وزیر اطلاعات سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سی ای سی کے اجلاس میں سیاسی صورت حال پر بات ہوئی، پارلیمنٹ اپنی مدت پوری کرےگی، سی ای سی نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ کھڑا ہونےکا فیصلہ کیا ہے، قیادت آج لاہور میں اتحادیوں کے ساتھ اجلاس میں شرکت کرےگی۔ان کا کہنا تھا کہ کل لاہور میں ہونے والے اجلاس میں انتخابی اصلاحات پر مشاورت ہوگی، پیپلزپارٹی کی سی ای سی نے فیصلہ کیا ہے الیکشن اپنے وقت پر ہوں۔

انہوں نےکہا کہ عمران خان مسٹر ایکس اور مسٹر وائی سے معافی مانگیں، پنجاب میں ضمنی الیکشن جیت کر بھی عمران ہارگیا۔ الیکشن میں عمران خان نے الیکشن کمیشن کو متنازع بنایا۔

قبل ازیں پی ڈی ایم کے رہنماوں سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف، سابق صدر مملکت اور پیپلزپارتی کے شریک چیئرمین آصف زرداری اور جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ٹیلی فونک گفتگو کی جس کے دوران تینوں رہنماؤں نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں ن لیگی امیدواروں کی شکست کا جائزہ لیا۔

باغی ٹی ؤی کے مطابق ٹیلی فون پر رابطے میں تینوں رہنماوں نے پنجاب اور مرکز میں آئندہ کی حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا ۔ تینوں نے موقف اختیار کیا کہ عوام نے بڑھتی مہنگائی اور تیل کی قیمتوں میں اضافے کا بدلہ لیا۔ ذرائع کے مطابق نوازشریف کا کہنا تھا کہ میں تو شروع دن سے ہی حکومت لینے کے حق میں نہیں تھا۔ تینوں رہنماؤں نے جلد عام انتخابات کروانے سے متعلق تجاویز پر غور کیا اور طے کیا کہ اتحادیوں کی مشاورت سے تفصیلی لائحہ عمل اختیار کیا جائے ۔

دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے پنجاب کے ضمنی انتخابات میں شکست کے باوجود پارٹی رہنماؤں اور ورکرز کاشکریہ ادا کیا ہے،انہوں نے کہا کہ مریم نواز نے پارٹی کیلئے بہترین انتخابی مہم چلائی، پر امن انتخابات کے انعقاد پر وزیرِ اعلی حمزہ شہباز کی قیادت میں پنجاب حکومت مبارکباد کی مستحق ہے۔

علاوہ ازیں مسلم لیگ (ن) کی قیادت کو ضمنی انتخابات میں شکست کی رپورٹ پیش کردی گئی، عوام نے منحرف ارکان کو قبول نہیں کیا، پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے جیسی وجوہات شکست کا باعث بنیں۔

باغی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب کے ضمنی انتخابات میں شکست کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کی اعلیٰ قیادت کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز، وفاقی وزرا رانا ثناء اللہ، خواجہ آصف، مریم اورنگزیب اور اعظم نذیر تارڑ، سردار ایاز صادق، ملک احمد خان، عطاء اللہ تارڑ، سردار اویس لغاری، رانا مشہود و دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ضمنی انتخابات میں پارٹی کی شکست اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

Shares: