پروین شاکر کی 26ویں برسی پر ہوگا خاص پروگرام کا اہتمام

0
37

باغی ٹی وی :پروین شاکر کی 26ویں برسی پر خاص پروگرام کا اہتمام

پروین شاکر ٹرسٹ کے زیر اھتمام خوشبو اور جواں جزبوں کی شاعرہ پروین شاکر کی 26ویں برسی منائی جارہی ہے. یہ پروگرام
مورخہ 26 دسمبر
بروز ہفتہ
بمقام ایچ ایٹ قبرستان
بوقت ۱۱ بجے ہوگا.
اس موقع پر پروین شاکر ٹرسٹ کی طرف سے ٹرسٹ کی چئیرمین اور اراکین, نامور شاعر ادیب اور لکھاری پروین شاکر کی قبر پر پھولوں کی چادر چڑھائیں گے اور میڈیا سے بات بھی کریں گے، کرونا وبا کی دوسری لہر کے پیش نظر تمام ضروری ایس او پیز کا خیال رکھا جائیگا.

پروین شاکر 24 نومبر 1952ء کو کراچی میں پیدا ہوئی تھیں۔ 1977ء میں ان کا پہلا مجموعہ کلام خوشبو شائع ہوا۔ اس مجموعہ کی غیر معمولی پذیرائی ہوئی اور پروین شاکر کا شمار اردو کے صف اول کے شعرامیں ہونے لگا۔ خوشبو کے بعد پروین شاکر کے کلام کے کئی اور مجموعے صد برگ، خود کلامی اور انکار شائع ہوئے۔ ان کے کلام کی کلیات ’’ماہ تمام‘‘ بھی شائع ہوچکی تھی جبکہ ان کا آخری مجموعہ کلام کف آئینہ ان کی وفات کے بعد اشاعت پذیر ہوا۔
پروین شاکر کو اگر اردو کے صاحب اسلوب شاعروں میں شمار کیا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ انہوں نے اردو شاعری کو ایک نیا لب و لہجہ دیا اور شاعری کو نسائی احساسات سے مالا مال کیا۔ ان کا یہی اسلوب ان کی پہچان بن گیا۔ آج بھی وہ اردو کی مقبول ترین شاعرہ تسلیم کی جاتی ہیں
پروین شاکر نے کئی اعزازات حاصل کئے تھے جن میں ان کے مجموعہ کلام خوشبو پر دیا جانے والا آدم جی ادبی انعام، خود کلامی پر دیا جانے والا اکادمی ادبیات کا ہجرہ انعام اور حکومت پاکستان کاصدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سرفہرست تھے۔پروین شاکر اسلام آباد کے مرکزی قبرستان میں آسودۂ خاک ہیں۔ ان کی لوح مزار پر انہی کے یہ اشعار کندہ ہیں
یا رب مرے سکوت کو نغمہ سرائی دے —————- زخمِ ہنر کو حوصلہ لب کشائی دے

شہر سخن سے روح کو وہ آشنائی دے —————- آنکھیں بھی بند رکھوں تو رستہ سجھائی دے

Leave a reply