پشاور: ایک اوراحمدی شہری محبوب احمد کوقتل کردیا گیا،بھارتی سازش یا فرقہ واریت ،تحقیقات شروع

0
56

پشاور: ایک اوراحمدی شہری محبوب احمد کوقتل کردیا گیا،بھارتی سازش یا فرقہ واریت ،تحقیقات شروع ،اطلاعات کے مطابق صوبہ خیبر پختونخوا کے دارالحکومت پشاور کے مضافاتی علاقے شیخ محمدی میں نامعلوم افراد نے جماعتِ احمدیہ سے تعلق رکھنے والے 75 سالہ شخص محبوب احمد کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا ہے۔

بڈھ بیر تھانے کے ایس ایچ او اعجاز خان کے مطابق بڈھ بیر کے علاقے ماشو خیل میں محبوب احمد کی بیٹیاں اور کئی رشتہ دار عرصہ دراز سے مقیم ہیں۔ ان کے مطابق محبوب احمد اپنی بیٹی سے ملنے کے لیے وہ وہاں آئے تھے۔

ایس ایچ او اعجاز خان کے مطابق آج صبح 9-9:30 کے درمیان وہ ماشو خیل سے واپس پشاور جانے کے لیے جب بس سٹاپ پر انتظار کر رہے تھے، اسی دوران کسی نامعلوم شخص نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہو گئے۔محبوب احمد نے لواحقین میں 70 سالہ بیوہ، دو بیٹیاں اور دو بیٹے چھوڑے ہیں

پولیس کے مطابق محبوب احمد کی لاش کو خیبر میڈیکل کالج روانہ کر دیا گیا ہے اور پولیس جائے وقوعہ پر موجود ہے جہاں اس قتل کے حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے۔

یاد رہے گذشتہ ماہ پشاور میں احمدی پروفیسر ڈاکٹر نعیم الدین خٹک کا قتل کر دیا گیا جبکہ اگست میں 61 سالہ احمدی شہری معراج احمد کو بھی پشاور میں ہی قتل کیا گیا تھا۔

جماعت احمدیہ کے مطابق حالیہ دنوں میں مذہب کی بنیاد پر پشاور میں احمدیوں کو ہدف بنا کر حملہ کرنے کا یہ تیسرا واقعہ ہے۔

بی بی سی سے بات کرتے ہوئے پاکستان میں جماعتِ احمدیہ کے ترجمان سلیم الدین نے محبوب خان کے قتل کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ان کی عمر 82 سال تھی اور وہ پشاور کے نزدیک شیخ محمدی گاؤں کے رہائشی تھے لیکن کچھ عرصہ قبل پشاور میں رہائش اختیار کر چکے تھے۔

سلیم الدین نے بتایا کہ آج صبح جب وہ شیخ محمدی سے پشاور واپسی کے لیے خاناں بس سٹاپ پر کھڑے بس کا انتظار کر رہے تھے، اس موقع پر چند نامعلوم افراد نے انتہائی قریب سے انھیں گولی ماری جس سے وہ موقع پر ہلاک ہو گئے۔

Leave a reply