پشاور (باغی ٹی وی) فرنٹیئر کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن خیبر پختونخوا کے صدر ضیاء الحق سرحدی کی سربراہی میں وفد نے چیف کلکٹر کسٹمز خیبر پختونخوا خواجہ خرم نعیم سے کسٹمز ہاؤس پشاور میں اہم ملاقات کی۔ وفد میں ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر خالد شہزاد، نائب صدر امتیاز احمد علی، جنرل سیکریٹری میاں وحید باچا اور دیگر ممبران شامل تھے۔ ضیاء الحق سرحدی نے خواجہ خرم نعیم کو چیف کلکٹر کے عہدے پر تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ بزنس کمیونٹی ان کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

اجلاس میں پاک افغان تجارت میں درپیش مشکلات، خاص طور پر ایکسپورٹرز، امپورٹرز اور کسٹمز ایجنٹس کے مسائل کو اجاگر کیا گیا۔ ضیاء الحق سرحدی نے اس موقع پر مختلف تجاویز بھی پیش کیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ خواجہ خرم نعیم طورخم، غلام خان اور خرلاچی بارڈرز پر تجارتی رکاوٹوں، اضا خیل ڈرائی پورٹ کو فعال بنانے اور دیگر مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں گے۔

اجلاس کے دوران ضیاء الحق سرحدی نے پشاور ڈرائی پورٹ سے ایکسپورٹ کارگو ٹرین کی عدم دستیابی پر روشنی ڈالی، جس کی وجہ سے 18 سال سے مقامی مصنوعات کی براہ راست برآمدات رک گئی ہیں۔ انہوں نے تجارتی سامان کے کنٹینرز کی کلیئرنس کو تیز کرنے، صوبائی سیس کے خاتمے اور افغان ٹرانزٹ ٹریڈ پر عائد ٹیکسوں پر بھی تحفظات کا اظہار کیا۔

Shares: