محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کل سے عاشورہ تک تمام اسپتالوں کے عملے کی چھٹیاں منسوخ کردیں۔مشیر صحت خیبر پختونخوا ڈاکٹر ریاض انور نے عاشورہ محرم کے دوران اسپتالوں میں عملے کی چھٹیوں کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں۔انہوں نے کہا کہ کل سے عاشورہ تک تمام اسپتالوں کے عملہ کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں، یہ فیصلہ محرم الحرام میں سیکیورٹی کے بڑھتے واقعات کے مطابق کیا گیا ہے۔مشیر صحت نے مزید کہا کہ عزاداروں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور طبی عملہ اپنی حاضری کو یقینی بنائے، بصورت دیگر کوتاہی پر قانونی کارروائی ہوگی۔
ڈاکٹر ریاض انور نے یہ بھی کہا کہ اسپتالوں کے سربراہان اسٹاک میں ادویات کی وافر مقدار میں فراہمی یقینی بنائیں، عاشورہ پر تمام اسپتالوں کے انتظامات کی مانیٹرنگ خود کروں گا، دوسری جانب ایل آر ایچ انتظامیہ نے محرم الحرام کے حوالے سے ایمرجنسی مینیجمنٹ پلان جاری کر دیا ہے۔
ہسپتال ترجمان محمد عاصم کے مطابق میڈیکل ڈائریکٹر ڈاکٹر حامد شہزاد کی سربراہی میں محرم الحرام سے متعلق انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے جبکہ ایمرجنسی میں عزاداروں کو بروقت علاج کی فراہمی کے لئےمختلف زونز قائم کر دئے گئے ہیں اور ایمرجنسی میں تقریباً 200 کیٹس بھی تیار کر دیئے گئے ہیں،
نویں اور دسویں محرم الحرام کو ڈاکٹرز، پیرامیڈیکل سٹاف اور نرسز کی ڈیوٹیاں لگا دی گئ ہے تاکہ عذاداروں کو بر وقت طبی امداد مہیا کی جا سکے اس کے علاوہ سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر سیکیورٹی کو بھی چوکس کر دیا گیا ہے۔
ترجمان ایل آر ایچ نے بتایا کہ عذاداروں کے بر وقت علاج کے لیے ایل آر ایچ ایمرجنسی کو ہر قسم کی ادویات کی وافر مقدار فراہم کی گئ ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے بغیر کسی رکاوٹ کے نمٹایا جا سکے جبکہ بلڈ بینک اور دیگر متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو بھی تیار رہنے کو کہا گیا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی عزاداروں کو کسی مشکل کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا اور سب کو بروقت طبی امداد فراہم کی جائے گی، انہوں نے مزید کہا کہ حالات کے پیش نظر ڈین، ہسپتال ڈائریکٹر، میڈیکل ڈائریکٹر نے متعلقہ ڈیپارٹمنٹس کو ہر قسم کی سپورٹ مہیا کی ہے۔
Shares: