پشاور میں نا معلوم ملزمان کی جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار شہید ہوگیا ہے، جس کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی۔
نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا، سی سی پی او، ڈی آئی جی ظفر، ایس ایس پی آپریشن ہارون رشید، چیف ٹریفک آفیسر قمر حیات خان اور دیگر نے شرکت کی۔
ملزمان کا پیچھا کرتے ہوئے نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے پولیس کانسٹیبل سرور شاہ کی نماز جنازہ پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ پشاور کی ملک سعد شہید پولیس لائن میں ادا کر دی گئی۔
وزیراعلیٰ اور پولیس افسران نے شہید کے تابوت پر پھول چڑھائے اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو سلامی دی۔
نگران وزیر اعلیٰ نے اس سلسلے میں ایک بیان میں کہا ہے کہ پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا واقعہ قابل مذمت ہے۔
انہوں نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ نگران وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا پولیس نے اپنی جان ومال کی حفاظت کے لیے لامتناہی قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو پولیس کی قربانیوں پر فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت شہید کے خاندان کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن مدد کرے گی۔
Baaghi Digital Media Network | All Rights Reserved