پاکستان سپر لیگ6، پشاور زلمی نے 167 رنز کا ہدف دے کر ملتان سلطانز کو فتح کے قریب کردیا

ابوظہبی :پاکستان سپر لیگ6، پشاور زلمی نے 167 رنز کا ہدف دے کر ملتان سلطانز کو فتح کے قریب کردیا،اطلاعات کے مطابق پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 6 میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو جیت کے لیے 167 رنز کا ہدف دیا ہے ۔

پشاور زلمی نے اننگز کا آغاز کیا تو اوپنرز حیدر علی اور کامران اکمل نے سنبھل کر اور قدرے سست رفتاری کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔

دونوں بلے بازوں خصوصاً حیدر علی کو رنز بنانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ نوجوان بلے باز نے 30 گیندوں پر 28 رنز بنائے۔

کامران اکمل نے ابتدئی جدوجہد کے بعد شاہنواز دھانی کو ایک اوور میں تین چوکے مارے ،دھانی نے بہترین انداز میں کم بیک کرتے ہوئے کامران کو آؤٹ کر کے 71 رنز کی شراکت کا خاتمہ کردیا اور اگلی ہی گیند پر شعیب ملک کو بھی چلتا کردیا۔ سکور 84 تک پہنچا تو حیدر علی بھی پویلین لوٹ گئے، روومین پاول 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

ڈیوڈ ملر کا ساتھ دینے شرفین ردرفورڈ آئے اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے 37 رنز جوڑے لیکن گزشتہ میچ کے ہیرو ڈیوڈ ملر 22 رنز بنانے کے بعد بلیسنگ مزربانی کی وکٹ بن گئے۔

شرفین ردرفورڈ نے اختتامی اوورز میں جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری مکمل کی اور 40 گیندوں پر 4 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 56 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

دونوں کے ٹیموں‌ کی طرف سے کھیلنے والے کھلاڑیوں کی تفصیل کچھ اس طرح ہے

پشاور زلمی کی ٹیم وہاب ریاض (کپتان)، کامران اکمل، حیدر علی، شعیب ملک، ڈیوڈ ملر، روومین پاول، شرفین ردرفورڈ، فیبیئن ایلن، عمید آصف، محمد عرفان اور محمد عمران پر مشتمل ہے

ملتان سلطانز کی ٹیم میں محمد رضوان (کپتان)، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، شیمرون ہٹمائر، خوشدل شاہ، سہیل تنویر، مزربانی، شاہنواز دھانی، عمران طاہراور عمران خان شامل ہیں۔

Comments are closed.