حکومت نے پٹرولیم مصنوعات پر عوام کو ریلیف دینے کا عندیہ دے دیا

0
32

وفاقی حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عوام کو ریلیف دینے کا عندیہ دیا ہے۔

نجی ٹی ویکے مطابق: ڈالر ریٹ اور تیل کی عالمی قیمتوں میں کمی کے پاکستان پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں، اور حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات پر عوام کو ریلیف دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔

وزیرمملکت خزانہ عائشہ غوث نے کہا ہے کہ پورا احساس ہے کہ لوگ قیمتیں بڑھنے سے پریشان ہیں،عوام کو ہر ممکن حد تک ریلیف دیا جائے گا۔

عائشہ غوث کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم کی قیمتوں میں ہفتہ وار ردوبدل کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا، اگر ایسا کچھ ہوا تو پہلے وفاقی کابینہ اس کی منظوری دے گی۔

وزیرمملکت نے کہا کہ تیل کی عالمی قیمتوں میں متواتر کمی سے اصل ریلیف ملے گا، عالمی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ سے ایوریج قیمت نکالنا پڑے گی۔

29 جولائی کو خام تیل کی قیمت 109 ڈالر فی بیرل سے زائد تھی، تاہم گزشتہ ایک ہفتے کے دوران خام تیل 13 ڈالر فی بیرل سستا ہوا، اور کم ہوتے ہوتے 96.65 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا، اور یہ 5 ماہ کے دوران خام تیل کی کم ترین سطح ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی قیمت میں کمی کا رحجان برقرار رہا تو اس کا فائدہ 15 اگست یا آئندہ ماہ کے آغاز پر عوام کو منتقل کیا جا سکتا ہے۔

گزشتہ 4 دنوں کی طرح جمعرات کو بھی روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ آج بھی انٹر بینک میں کاروبار کے آغاز پر روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مزید 3 روپے 71 پیسے کی کمی دیکھی گئی اور امریکی ڈالر 225 روپے 9 پیسے کی سطح پر آگیا۔ دوپہر ساڑھے 12 بجے ڈالر کی قدر 222 روپے کی سطح پر ٹریڈ کررہا تھا۔

گزشتہ روز ڈالر کی قدر میں ریکارڈ کمی دیکھی گئی تھی۔ انٹر بینک میں ڈالر 9 روپے 58 پیسے جب کہ اوپن مارکیٹ میں 13 روپے 50 پیسے تک سستا ہوا تھا۔

دوسری جانب آج ہی حکام وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، کیوں کہ سعودی عرب نے پاکستان کو موخر ادائیگی پر تیل کی اضافی سہولت دینے کی حامی بھرلی ہے۔

وزارت خزانہ حکام کا کہنا ہے کہ برادر ملک نے باضابطہ طور پر آگاہ کردیا ہے، تاہم اس حوالے سے اعلان وہ خود کریں گے۔

حکام وزارت خزانہ نے بتایا کہ تیل کی سہولت 1.2 ارب ڈالر سے بڑھ کر 2.4 ارب ڈالر ہونے کا امکان ہے۔

وزارت خزانہ حکام کے مطابق چین بھی اب تک 4.3 ارب ڈالر کا قرضہ رول اوور کر چکا ہے، جس میں 2.3 ارب ڈالر کا کمرشل قرضہ اور 2 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس شامل ہیں.

Leave a reply