اسلام آباد :محسن بیگ کی گرفتاری کیخلاف پی ایف یو جےکا ملک گیر احتجاج کا اعلان،اطلاعات کے مطابق سینیئر صحافی محسن بیگ کی گرفتاری اور نیوز ون ٹی وی چینل کی بندش کے خلاف پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے) نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔

پی ایف یو جے نے ملک بھرکی صحافی یونینوں کو کل ملک کے تمام بڑے شہروں کے پریس کلبوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کرنےکی ہدایت کردی۔

ایک بیان میں پی ایف یو جےنےکہا ہےکہ عمران سرکار کی سفاکیت کےخلاف تمام میڈیا برادری متحد ہے،ایک ایڈیٹرکی ایسےگرفتاری حکمران طبقےکی فاشسٹ ذہنیت کا ثبوت ہے،ایسےحربےمیڈیا کو روکنےاور صحافیوں کو ڈرانےکے مترادف ہیں۔

سینیئر صحافی محسن بیگ کے بیٹے حمزہ بیگ کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

ذرائع کے مطابق حمزہ بیگ کو تھانہ مارگلہ منتقل کر دیا گیا ہے اور انہیں کل انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل سینیئر صحافی محسن بیگ کے گھر پر ایک کے بعد ایک تین چھاپے مارے گئے، پہلے چھاپے میں محسن بیگ کو حراست میں لیا گیا جبکہ بعد میں ان کے دو ڈرائیورز کو گرفتار کیا گیا اور کچھ سامان گھر سے ضبط کیا گیا۔

محسن بیگ کے اہل خانہ کا الزام ہے کہ سرکاری اہلکار جاتے ہوئے کمپیوٹرز اور یو ایس بی ساتھ لے گئے۔

Shares: