پی آئی اے کا یورپ کیلئے پروازوں پر پابندی کیخلاف فی الحال اپیل نہ کرنے کا فیصلہ،ترجمان پی آئی اے
اسلام آباد : پی آئی اے کا یورپ کیلئے پروازوں پر پابندی کیخلاف فی الحال اپیل نہ کرنے کا فیصلہ،اطلاعات کے مطابق پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) نے یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کے پروازوں پر 6 ماہ پابندی عائد کرنے کے فیصلے کے خلاف اپیل نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے سے گفتگو میں پی آئی اے ترجمان عبداللہ خان نے بتایا کہ پی آئی اے یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی کے لیے اپیل مناسب وقت پر دائر کرے گی۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پی آئی اے نے اپیل سے متعلق تیاری مکمل کر رکھی ہے لیکن اس مرحلے پر اپیل نقصان دہ ہوسکتی ہے۔رپورٹ کے مطابق پابندی کے خلاف اپیل کی مدت 31 اگست تک تھی جو کہ گزر چکی ہے۔
خیال رہے کہ جعلی یا مشکوک لائسنس کے الزام کے تحت حکومت نے پاکستان ائیرلائنز (پی آئی اے) کے 141 پائلٹس سمیت 262 پائلٹس کی لسٹ جاری کی تھی۔
مشکوک لائسنس والے پاکستانی پائلٹس کا معاملہ سامنے آنے کے بعد 30 جون کو یورپی ایوی ایشن سیفٹی ایجنسی نے پی آئی اے کی یورپین ممالک کے لیے فضائی آپریشن کے اجازت نامے کو 6 ماہ کیلئے معطل کیا تھا۔
ای اے ایس اے کی جانب سے پابندی کے بعد برطانیہ اور امریکا نے بھی پی آئی اے کی پروازوں کی آمد پرپابندی عائد کردی تھی۔اس کے علاوہ ویت نام کی ایوی ایشن اتھارٹی نے بھی مشتبہ لائسنس کی اطلاعات کے بعد تمام پاکستانی پائلٹس گراؤنڈ کردیے تھے۔