سوا چار سال بعد پی آئی اے کی پرواز اسلام آباد سے پیرس کے لیے روانہ

قومی ایئرلائن ترقی کی جانب گامزن ہے۔وزیراعظم
PIA

پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پرواز، جو اسلام آباد سے پیرس کے لیے روانہ ہوئی، سوا چار سال کے بعد ایک بڑی کامیابی ہے۔ اس پرواز کا آغاز وزیر دفاع خواجہ آصف کی موجودگی میں ہوا، جنہوں نے مسافروں کو الوداع کرتے ہوئے اس تاریخی موقع پر اہم باتیں کیں۔

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پی آئی اے کی پیرس کے لیے پروازیں دوبارہ شروع کروانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ حکومت کی بیان بازی نے پی آئی اے کو بہت نقصان پہنچایا، اور اس کے باوجود پی آئی اے نے سول ایوی ایشن کے ساتھ مل کر محنت کی اور 4 سال کے دوران کئی سو ارب روپے کا خسارہ اٹھایا۔وزیر ہوابازی خواجہ آصف نے پرواز کو خود بھی وزٹ کیا ،وزیر ہوابازی نے پرواز پی کے 749 کے مسافروں سے بات چیت بھی کی۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق، پہلی پرواز جو اسلام آباد سے پیرس کے لیے روانہ ہوئی، وہ دن کے بارہ بجے روانہ ہوئی ہے۔ پیرس جانے اور آنے والی پہلی اور دوسری پروازوں کی فلائٹ بکنگ مکمل ہو چکی ہے، جس سے اس بات کی تصدیق ہوتی ہے کہ پی آئی اے کی پروازوں کے لیے عوام میں بڑی دلچسپی ہے۔ترجمان پی آئی اے کے مطابق، وہ پیرس کے لیے ہفتے میں دو براہ راست پروازیں چلائے گی، اور مسافروں کو ان فلائٹ انٹرٹینمنٹ کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی، جس میں موبائل فون، ٹیبلٹ یا لیپ ٹاپ کے ذریعے تفریحی مواد تک رسائی حاصل کی جا سکے گی۔

یورپ کی فضاﺅں میں ایک بار پھر سبز ہلالی پرچم لہرانا شروع ہو گیا ،خواجہ آصف
اسلام آباد ایئرپورٹ پر اس پرواز کی روانگی سے قبل ایک تقریب بھی منعقد کی گئی، جس میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے اور سول ایوی ایشن کی محنت کو سراہا۔ خواجہ آصف نے کہا کہ پی آئی اے کی پروازیں اب یورپ کی فضاؤں میں بھی پرواز کریں گی، اور وہاں سبز ہلالی پرچم لہراے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے برطانیہ میں بھی تین مقامات پر اپنی پروازیں آپریٹ کرے گی۔خواجہ آصف نے اس موقع پر یہ بھی بتایا کہ پی آئی اے پر اس وقت 800 ارب روپے کا قرض ہے، اور اس کے باوجود پی آئی اے نے اپنی خدمات میں بہتری لانے کے لیے بھرپور کوششیں کی ہیں، قومی ایئر لائن پاکستانیوں کی میتیں بغیر کسی چارجز کے مفت لے کر آتی تھی لیکن فلائٹ آپریشن بند ہونے سے اوور سیز پاکستانی اس سہولت سے محروم ہو گئے تھے۔ پورے یورپ کے لئے قومی ایئر لائن کی پروازیں بحال ہو گئی ہیں، یورپ کی فضاﺅں میں ایک بار پھر سبز ہلالی پرچم لہرانا شروع ہو گیا ہے، ایک غیر ذمہ دار بیان نے قومی ایئر لائن کو بہت نقصان پہنچایا، ایسے غیر ذمہ دارانہ بیانات دینے والوں کا احتساب ہونا چاہئے۔

یہ پرواز پی آئی اے کی بین الاقوامی پروازوں کی دوبارہ بحالی کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی، اور اس کے ذریعے نہ صرف قومی ایئر لائن کی ساکھ میں بہتری آئے گی، بلکہ پاکستانی شہریوں کو بھی بین الاقوامی سفر میں آسانی حاصل ہوگی۔

وزیرِاعظم کی پی آئی اے کی پیرس کیلئے پہلی پرواز کی روانگی پر عوام کو مبارکباد
اسلام آباد: وزیرِاعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی کے بعد پیرس کیلئے پہلی پرواز کی روانگی پر عوام کو مبارکباد دی۔ وزیرِاعظم نے اس اہم موقع پر اپنے بیان میں کہا کہ پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کو ایک بڑی سہولت حاصل ہوگی، کیونکہ وہ اب براہِ راست پروازوں کے ذریعے اپنے وطن واپس جا سکیں گے اور دیگر اہم مقامات تک بھی آسانی سے سفر کر سکیں گے۔

وزیرِاعظم نے مزید کہا کہ پی آئی اے کی یورپ کے لئے پروازوں کی بندش سے قومی ایئرلائن کو اربوں ڈالر کا نقصان پہنچا تھا اور اس کی ساکھ بھی متاثر ہوئی تھی۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے موجودہ حکومت نے پی آئی اے کا تشخص بحال کیا ہے اور اب یہ قومی ایئرلائن ترقی کی جانب گامزن ہے۔شہباز شریف نے اس کامیابی کے حوالے سے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ ہوا بازی و وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف، اور متعلقہ تمام اداروں کے افسران و اہلکاروں کی کوششوں کو سراہا اور انہیں تحسین کے لائق قرار دیا۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ ان کی محنت اور عزم کی بدولت پی آئی اے کی یورپ کیلئے پروازوں کی بحالی ممکن ہوئی۔

Comments are closed.