پی آئی اے کا جشن آزادی پر کرایوں میں کمی کا اعلان

14 اگست کو ائیر لائن کے کرایوں میں 14 فیصد رعایت کی گئی ہے
PIA

قومی ائیرلائن پی آئی اے نے جشن آزادی کی خوشی میں اندرون ملک پروازوں پر 14 فیصد رعایت کا اعلان کردیا۔

باغی ٹی وی: ترجمان پی آئی اے نے جشن آزادی کے موقع پر کرایوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ 14 اگست کو ائیر لائن کے کرایوں میں 14 فیصد رعایت کی گئی ہے ترجمان کے مطابق رعایتی ٹکٹ فوری طور پر جاری کرائے جا سکتے ہیں جو 14 اگست کو سفر کے لیے مؤثر ہوں گے۔

دوسری جانب چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان نے یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کیلئے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کر دیں۔انہوں نے یہ ہدایات یہاں سول سیکرٹریٹ میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔اجلاس میں جشن آزادی بھرپور انداز میں منانے کیلئے تیاریوں کا جائزہ لیاگیا اور فیصلہ کیا گیا کہ 13اگست رات 12بجے تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں آتش بازی کا مظاہرہ ہوگا جبکہ 14اگست رات آٹھ بجے تمام اضلاع میں قومی ترانوں، ملی نغموں کے کنسرٹس کا انعقاد کیا جائے گا۔چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ آزادی بہت بڑی نعمت ہے، اسکی قدر کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یوم آزادی شایان شان طریقے سے منانے کا مقصد نوجوان نسل کو آزادی کی اہمیت سے روشناس کرانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندہ قومیں یوم آزادی ملی جوش و جذبے سے مناتی ہیں۔

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ یوم آزادی قومی جوش وجذبے سے منانے کیلئے جامع پروگرام ترتیب دیا گیا ہے۔ صوبائی، ڈویژنل، ضلع اور تحصیل کی سطح پر تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔پرچم کشائی کی مرکزی تقریب حضوری باغ میں منعقد ہو گی۔محکمہ سپورٹس صوبہ بھر میں کھیلوں کے 252مقابلوں کا اہتمام کرے گا۔تمام سرکاری عمارات کو قومی پرچم اور برقی قمقموں سے سجایا جائے گا۔سکولوں،کالجوں، یورنیورسٹیوں میں تقریری مقابلے، سیمینارز کا انعقاد کیا جائے گا۔اجلاس میں بلدیات، سکولز، ہائر ایجوکیشن، اطلاعات، سپورٹس کے محکموں کے سیکرٹریز نے شرکت کی جبکہ تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے شریک ہوئے

Comments are closed.