پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی ایک اور ناقص حکمت عملی کی وجہ سے سعودی عرب سے ملتان جانے والی پرواز کے مسافر 12 گھنٹے سے لاہور ایئر پورٹ پر بے یار و مددگار بیٹھے ہیں۔
پی آئی اے کی پرواز جدہ سے ملتان کے لیے روانہ ہوئی تھی، لیکن خراب موسم اور دھند کی وجہ سے اسے لاہور اتارنا پڑا۔مسافروں کا کہنا ہے کہ جب پرواز لاہور پہنچی تو انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ جلد ہی ملتان روانہ کیا جائے گا، لیکن اس کے باوجود 12 گھنٹے گزر جانے کے باوجود کوئی حل نہیں نکالا گیا۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافر سخت پریشانی کا شکار ہیں اور پی آئی اے کے عملے کے ساتھ ان کے برتاؤ کو لے کر شدید غم و غصہ ظاہر کر رہے ہیں۔
مسافروں کی ایک ویڈیو سانے آئی ہے جس میں وہ احتجاج کرتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ ایک مسافر نے بتایا کہ وہ رات 11 بجے سے ایئر پورٹ پر بیٹھے ہیں اور انہیں مسلسل یہ کہا جا رہا ہے کہ اگلے کچھ وقت میں پرواز ملتان کے لیے روانہ ہو جائے گی۔ تاہم، اب تک کچھ بھی نہیں ہوا۔ مسافروں کا کہنا ہے کہ انہیں ٹھوس معلومات فراہم نہیں کی جا رہیں اور وہ گھنٹوں گزر جانے کے باوجود ملتان روانہ نہیں ہو سکے۔ویڈیو میں مسافروں کی ایک بڑی تعداد دکھائی دے رہی ہے جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، اور تمام مسافر پی آئی اے کی انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کر رہے ہیں۔ ایک مسافر کا کہنا تھا کہ "ہم نے پی آئی اے پر بھروسہ کیا تھا لیکن اب یہاں آ کر ہمیں احساس ہو رہا ہے کہ ہم نے کتنا بڑا غلط فیصلہ کیا تھا۔”مسافروں کی جانب سے مزید شکایات یہ بھی ہیں کہ ایئر پورٹ پر کوئی مناسب رہنمائی یا سہولت فراہم نہیں کی جا رہی۔ ان کا کہنا ہے کہ ایئر لائن کی طرف سے رابطہ کرنے کے لئے کوئی نمبر نہیں دیا جا رہا اور پی آئی اے کا عملہ صرف وقت گزاری کر رہا ہے، جبکہ مسافر سخت پریشانی کا شکار ہیں۔ لاہور ایئر پورٹ پر اس وقت پی آئی اے کے خلاف شدید احتجاج جاری ہے اور مسافر اس وقت تک ایئرپورٹ پر موجود ہیں جب تک کہ ان کا معاملہ حل نہیں کیا جاتا۔
پی آئی اے کی پروازیں تاخیر کا شکار
کراچی سے اسلام آباد،پی آئی اے پرواز میں فنی خرابی،ہنگامی لینڈنگ
سحر کامران کا پی آئی اے کی نجکاری میں ناقص مارکیٹنگ پر تشویش کا اظہار