پی آئی اے میں سفر کرنے والوں کو پھرسے ناشتے اوراسنیکس کی پیشکش کردی گئی

کراچی: پی آئی اے میں سفر کرنے والوں کو پھرسے ناشتے اوراسنیکس کی پیشکش کردی گئی ،اطلاعات کےمطابق قومی ایئر لائن نے مسافروں کی سہولت کے لیے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے پروازوں میں ناشتے اور اسنیکس کی سروس بحال کر دی۔

تفصیلات کے مطابق پی آئی اے کی پروازوں میں ناشتے اور اسنیکس سروس بحال کر دی گئی ہے، سروس کی بحالی سے متعلق شعبہ فلائٹ سروس نے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق پی آئی اے کی تمام ڈومیسٹک اور مشرق وسطیٰ جانے والی پروازوں میں ناشتہ اور اسنیکس فراہم کیے جائیں گے۔

پی آئی اے نے کرونا وائرس کی وجہ سے اپنی پروازوں میں ریفریشمنٹ معطل کر دی تھی، تاہم اب مسافروں کی حفاظت کے پیش نظر ناشتہ اور اسنیکس پیک حالت میں فراہم کیے جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس پی آئی اے نے ایگزیکٹو اکانومی کلاس کے اپنے مسافروں کے لیے نئی پلیٹر متعارف کرائی تھی، پلیٹر میل میں سلائس کے ساتھ چیز آملیٹ، میٹھا جب کہ کھانے میں فرائڈ رائس چکن تکہ، کباب، سلاد مکس، سالن سمیت میٹھے میں پیسٹری شامل تھی۔

مسافروں کی دوران سفر صحت کا خیال رکھنے کے لیے پی آئی اے میں تازہ کھانے اور ناشتے میں پیاز ٹماٹر، ہرا دھنیا پودینہ مکھن چیز سے بنا آملیٹ فراہم کیا جا رہا تھا۔

Comments are closed.