عوام کے لئے خوشخبری: ایران اور افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر کی بڑے پیمانے پر درآمد سے قیمتیں کم ہوئی ہیں۔ پیاز 30 اور ٹماٹر 50 روپے فی کلو ہوگیا ہے.
پیر کو اول درجے کی پیاز کا منڈی میں ریٹ 50 روپے اور درجہ دوم کا ریٹ 35 روپے فی کلو ہوگیا۔ یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ایران اور افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر کی بڑے پیمانے پر درآمد سے قیمتیں کم ہوئی ہیں۔
واضح رہے کہ افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر کی پہلی کھیپ پاکستان آنے کے بعد ملک بھرمیں سبزیوں کی بڑھتی قیمتوں میں نمایاں کمی کا امکان پیدا ہوگیا تھا۔ افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر کی پہلی کھیپ جمعہ 2 ستمبر کو پاکستان پہنچی تھی۔ چمن بارڈر کے راستے پیاز اور ٹماٹر سے بھرے درجنوں ٹرک پاکستان میں داخل ہوگئے تھے۔
اس سے قبل پچھلے ہفتے حکومت نے بیرون ملک سے منگوائے گئے ٹماٹر اور پیاز کو ٹیکسوں اور ڈٖیوٹیوں سے مستثنیٰ قرار دیا تھا۔ حالیہ بارشوں کے باعث ملک میں زراعت کا شعبہ بری طرح متاثر ہوا اور آلو ، پیاز اور ٹماٹر کی فصلیں مکمل طور پر تباہ ہوگئیں جس کی وجہ سے ٹماٹر کی قیمت 500 روپے جب کہ پیاز 300 روپے فی کلو تک جاپہنچی تھی۔ حکومت نے ملک میں ٹماٹر اور پیاز کی قلت پر قابو پانے کے لئے بیرون ملک سے منگوانے کا اعلان کیا تھا۔
اس حوالے سے باغی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے ایک شہری نے بتایا کہ سبزی کا سستا ہونا خوش آئند بات ہے لہذا حکومت کو چاہئے کہ مزید چیزیں بھی سستی ہونی چاہئے تاکہ غریب لوگوں کیلئے آسانی ہو اور انہیں ریلیف ملے تاکہ وہ اپنا پیٹ باآسانی بھر سکیں.
ایک اور شہری کا کہنا ہے کہ حکومت کو چاہئے کہ نرخ ناموں بارے ایک لائحہ عمل بنائے ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنر پابندی کریں تاکہ کوئی بھی شخص حکومتی طے کردہ نرخ سے چیزیں مہنگی نہ بیچ سکے اور ناجائز منافع خوری نہ کرپائے تاکہ غریب لوگوں کی جیب پر وزن نہ پڑے.








